پاکستان میں فلم کی نمائش نہ ہونے پر سونم ’اپ سیٹ‘

بھارتی اداکارہ سونم کپور کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’نیرجا‘ ان دنوں موضوعِ گفتگو ہے اور اس فلم میں ان کی اداکاری کو بھی کافی سراہا جا رہا ہے۔
سونم کے ناقدین بھی اس بار ان کی اداکاری کے معتقد نظر آ رہے ہیں اور نیرجا کے کردار کو ان کا اب تک کا سب سے اچھا کام کہا جا رہا ہے۔
’نیرجا‘ کی کامیابی اور اس فلم کے مہاراشٹر میں ٹیکس فری کر دیے جانے کے بعد انھوں نے بی بی سی سے خصوصی بات کی۔
سونم کو اس بات کا بہت ملال ہے کہ فلم پاکستان میں ریلیز نہیں ہو سکی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’اس فلم کو پاکستان میں دکھایا جانا چاہیے۔ اس میں ایسا کچھ نہیں ہیں جو کسی کے خلاف ہے۔ یہ فلم وہاں بین ہو گئی ہے اور اس بات سے میں کافی اپ سیٹ ہوں۔‘
اپنی اداکاری کے بارے میں سونم کہتی ہیں: ’دیکھیے میں خود اپنے کام کی جج نہیں ہو سکتی لیکن ہاں شاید یہ اب تک کا میرا سب سے اہم کردار ہے کیونکہ لوگوں کو پسند آ رہا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہspice
وہ مزید کہتی ہیں: ’رانجھنا بھی ایک اچھا کردار تھا لیکن مجھے لوگوں نے پسند نہیں کیا کیونکہ آخر میں میری وجہ سے دھنش کا کردار مر جاتا ہے۔‘
سونم اس وقت فلم نیرجا سے ملنے والی کامیابی سے خوش تو ہیں لیکن اسے اپنے سر چڑھنے نہیں دینا چاہتیں۔
انھوں نے کہا: ’میں ابھی اور کام کرنا چاہتی ہوں اور ایسی ہی مضبوط سکرپٹ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں کیونکہ اس سے بطور اداکار آپ اور مضبوط ہوتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بالی وڈ میں ہالی وڈ جانے کی لہر کے سوال پر انھوں نے کہا کہ دنیا آج بہت چھوٹی ہوگئی ہے اور بھارت بھی ہالی وڈ کے لیے ایک اہم بازار ہے۔
انھوں نے کہا: ’میں اس دن ہالی وڈ ضرور جاؤں گی جب مجھے یہاں میری پسند کا کام نہیں ملے گا۔ فی الحال تو مجھے یہاں ہی بہت اچھے کردار مل رہے ہیں لیکن پھر بھی کسی سکرپٹ میں اگر میری ضرورت ہوئی تو ضرور میں اس کا حصہ بنوں گی خواہ وہ کسی بھی زبان کی فلم کیوں نہ ہو۔‘







