’گووندا مداح کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگیں‘

بھارت کی سپریم کورٹ نے بالی وڈ اداکار گووندا کو سات سال قبل اپنے ایک مداح کو شوٹنگ کے دوران تھپڑ مارنے پر معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ گووندا نے سات سال قبل اپنی فلم کی شوٹنگ کے دوران اپنے ایک مداح کو تھپڑ مار دیا تھا۔
دوسری جانب بھارتی اداکار نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اعلیٰ عدالت کی ’عزت‘ کرتے ہیں اور ان کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔
بھارتی اداکار کے ایک مداح سنتوش رائے کا کہنا ہے کہ گووندا نے سنہ 2008 میں ’بلا اشتعال‘ انھیں اس وقت تھپڑ مارا تھا جب وہ خاموشی سے فلم کی شوٹنگ دیکھ رہے تھے۔
واضح رہے کہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں گووندا کا شمار بھارت کے ٹاپ اداکاروں میں ہوتا تھا۔
اطلاعات کے مطابق سنتوش رائے نے اس واقعےکے بعد بھارتی اداکار کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا ارادہ کیا تھا تاہم ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل گووندا کی جانب سے معافی مانگنے پر مطمئن ہو جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سنتوش رائے نے اخبار ہندوستان ٹائمز کو بتایا ’ میں ایک مداح کے طور پر گووندا کی فلم کی شوٹنگ دیکھ رہا تھا تاہم اس واقعے کے بعد مجھے دھچکھ لگا اور میرے دل سے ان کی عزت ختم ہو گئی۔‘
بھارت کی سپریم کورٹ نے پیر کو اس واقعے کی ویڈیو ریکارڈنگ دیکھی اور گووندا کو حکم دیا کہ وہ سنتوش کمار سے معافی مانگیں۔
اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سپریم کورٹ کے حوالے سے بتایا ’ ہم آپ کی فلموں کا مزہ لیتے ہیں اور آپ ایک غطیم اداکار ہیں تاہم ہم آپ کی اس حرکت کو برداشت نہیں کر سکتے۔ آپ کو حقیقی ّزندگی میں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے جو آپ سکرین پر کرتے ہیں۔‘
عدالت کے جج کا کہنا تھا ’ آپ کو اس واقعے پر پیسے دینے کی ضرورت نہیں ہے، آپ صرف افسوس کا اظہار کر دیں جو کہ بہت کافی ہے، آپ کی جانب سے افسوس کا اظہار کرنے پر آپ کی عزت کم نہیں ہو جائے گی، آپ دل بڑا کریں اور معافی مانگیں۔‘
گووندا نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ وہ ’کسی کا دل دکھانا نہیں چاہتے‘ اور اس بارے میں کچھ بھی کرنے سے پہلے عدالت کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔







