بانڈ کی فلم ’سپیکٹر‘ نے ریکارڈ توڑ دیے

،تصویر کا ذریعہPA
جیمز بانڈ سلسلے کی 24ویں فلم ’سپیکٹر‘ نے ان تمام ممالک کے باکس آفس ریکارڈ توڑ دیے ہیں جن میں یہ ریلیز ہوئی ہے۔
برطانیہ میں فلم نے جمعے کے بجائے پیر کو ریلیز ہونے کے باوجود چار کروڑ دس لاکھ پاؤنڈ کما کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سنہ 2004 کی فلم ہیری پاٹر اینڈ دا پرزنر آف آزکابان نے دو کروڑ 38 لاکھ پاؤنڈ کما کر حاصل کیا تھا۔ یہ فلم بھی پیر کو ریلیز ہوئی تھی۔
ناروے، نیدرلینڈز، فن لینڈ اور ڈنمارک میں بھی فلم نے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
سپیکٹر نے چھ خطوں میں ریلیز ہونے کے بعد اب تک پانچ کروڑ 21 لاکھ کمائے ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر مائیکل جی ولسن اور باربرا براکلی نے کہا: ’ہم جیمز بانڈ کے تمام شائقین کے بہت شکر گزار ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل بانڈ فلم ’سکائی فال‘ اس فرنچائز کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم تھی جس نے پوری دنیا میں 70 کروڑ پاؤنڈ کمائے تھے۔
فلم کے مرکزی کردار ڈینیئل کریگ کی یہ چوتھی ڈبل او سیون فلم ہے، اور ان کی عمدہ اداکاری پر ناقدین نے انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔







