اداکار پال واکر کی بیٹی کا پورش پر مقدمہ

،تصویر کا ذریعہAP
اطلاعات کے مطابق فلم فاسٹ اینڈ فیوریئس کے ادا کار پال واکر کی صاحبزادی نے ایک کار حادثے میں اپنے والد کی ہلاکت کا مقدمہ گاڑیاں بنانے والی کمپنی پورش کے خلاف درج کیا ہے۔
نومبر سنہ 2013 میں پال واکر حادثے کے وقت پورش گاڑی میں سوار تھے اور اُن کے دوست گاڑی کو چلا رہے تھے جب اچانک ان کی گاڑی ایک پول سے ٹکرا گئی، جس کے بعد گاڑی میں شعلے بھڑک اٹھے اور وہ دھماکے سے تباہ ہوگئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق واکر کی بیٹی میڈو کی جانب سے اب اپنے والد کی موت کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے جس میں کمپنی پر حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کا الزام لگایا گیا ہے۔
پورش نے اب تک اِس دعویٰ پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
اس کار حادثے کی چار مہینوں تک کی جانے والی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ پورش کریرا جی ٹی جس کو واکر کے دوست راجر روڈس چلارہے تھے، کی 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار والے علاقے میں رفتار 94 میل فی گھنٹہ تھی۔

،تصویر کا ذریعہAP
خبر رساں ادارے ٹی ایم زیڈ کے مطابق مقدمے میں کہا گیا ہے کہ گاڑی انتہائی سست رفتار سے چلائی جارہی تھی جب وہ بے قابو ہوگئی۔
ویب سائٹ نے مقدمے کے مندرجات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہپال واکر کے جسم کوگاڑی میں ’نصب سیٹ بیلٹ نے ہزاروں پاؤنڈ کی طاقت سے جکڑ لیا تھا جس کے باعث ان کی پسلیاں اور جسم کے نچلے حصے کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں‘اور وہ گاڑی سے نکلنے میں ناکام رہے تھے۔
میڈو واکر جو اِس وقت 16 سال کی ہیں انھوں نے اس پر کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روڈس کی اہلیہ کی جانب سے بھی گذشتہ سال اسی طرح کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا لیکن پورش کا کہنا تھا کہ حادثہ روڈس کی غلطی کے باعث پیش آیا اور اُن کی گاڑی کی بناوٹ میں کوئی خامی نہیں تھی۔







