’دھیرے دھیرے‘ رتیک روشن کی نئی البم

رتیک روشن نے اس موقعے پر بتایا کہ عاشقی کے گیت ان کے پسندیدہ گیت رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنرتیک روشن نے اس موقعے پر بتایا کہ عاشقی کے گیت ان کے پسندیدہ گیت رہے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار رتیک روشن پہلی بار کسی البم میں نظر آنے والے ہیں۔

فلم ’عاشقی‘ کے گیت ’دھیرے دھیرے سے میری زندگی میں آنا‘ کو اب ہنی سنگھ کی آواز میں سنا جا سکتا ہے جبکہ اس نغمے کو رتیك روشن اور اداکارہ سونم کپور پر فلمایا گیا ہے۔

’دھیرے دھیرے‘ نام کے اس البم سے نہ صرف رتیک روشن ایک عرصے بعد اپنے مداحوں کے سامنے ہوں گے بلکہ طویل عرصے سے فلمی موسیقی سے غائب رہنے والے ہنی سنگھ بھی اپنے مداحوں کے روبرو ہوں گے۔

خیال رہے کہ رتیك روشن فلم ’بینگ بینگ‘ کے بعد پہلی بار نظر آئیں گے۔

منگل کو البم کی ریلیز کے موقعے پر صحافیوں نے جب رتیک سے پوچھا کہ کیا وہ کسی کے ساتھ ڈیٹ کر رہے ہیں تو انھوں نے جواب دیا: ’میں سنگل ہوں اور خوش ہوں۔‘

اداکارہ کنگنا راناوت کے ساتھ ان کی قربتوں کے بارے میں جب ان سے دریافت کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’او مائی گاڈ۔۔۔ اس کے بارے میں میں کیا کہہ سکتا ہوں؟‘

سونم کپور نے رتیک کے ساتھ ایک فلم میں اداکاری کی خواہش ظاہر کی
،تصویر کا کیپشنسونم کپور نے رتیک کے ساتھ ایک فلم میں اداکاری کی خواہش ظاہر کی

خیال رہے کہ کچھ عرصہ پہلے رتیک روشن کی ان کی اہلیہ سوزین سے طلاق ہو گئی تھی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اس گیت کو کس کے نام معنون کرنا چاہیں گے تو انھوں نے کہا: ’ابھی میری زندگی میں کوئی نہیں ہے جس کے نام میں یہ گیت منسوب کروں۔ ہم سب اس گیت کو ان (بھوشن کمار) کے والد کے نام منسوب کر رہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ ٹی سیریز کے مالک گلشن کمار کے بیٹے دھیرج کمار نے اس البم کو اپنے والد کے نام کیا ہے۔

اس البم میں رتیك کے ساتھ سونم کپور بھی ہیں اور احمد خان نے اس کی ہدایات دی ہیں۔

سونم نے اس موقعے پر رتیک کے بارے میں اپنے خیلات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا: ’رتیك ایک بہترین فنکار ہیں اور میں ان کے ساتھ ایک فلم بھی کرنا چاہتی ہوں۔‘

خیال رہے کہ یہ دونوں اداکار اس ويڈيو میں پہلی بار سکرین پر رومانس کرتے نظر آئیں گے۔