’چھیاں چھیاں سے قبل شاہ رخ کو نہیں جانتا تھا‘

،تصویر کا ذریعہsukhvinder singh
بھارت کے معروف گلوکار سکھ وندر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ ایک زمانے میں زبان زد عام گیت ’چلے چھياں چھياں‘ سے پہلے شاہ رخ خان کو نہیں جانتے تھے۔
یہ گیت شاہ رخ خان کی فلم ’دل سے‘ کا ہے اور یہ بہت مقبول ہوا تھا۔
سكھ وندر نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے لیے بھی گانے گائے ہیں۔
وہ گذشتہ دنوں بی بی سی کے دہلی دفتر میں تشریف لائے۔
اس موقع پر ایک یہ سوال کیا گیا کہ فلموں میں گانے کے علاوہ سكھ وندر سنگھ مزید کن چیزوں میں مصروف ہیں؟
انھوں نے کہا: ’میں ابھی ہندوستانی کلاسیکی موسیقی سیکھ رہا ہوں۔ میں اس کے بارے میں کتابیں بھی پڑھ رہا ہوں۔ میں نے آج کل جن کے ساتھ کام کر رہا ہوں، ان سے بھی میں بہت کچھ سیکھ رہا ہوں جیسے وشال بھاردواج، گلزار اور اے آر رحمان۔ میں پرانے شاعروں کو بھی پڑھ رہا ہوں جیسے غالب اور خلیل جبران۔‘
یکایک انھیں کلاسیکی موسیقی میں کیونکر دلچسپی پیدا ہوئی؟

اس سوال کے جواب میں انھوں نے کہا: ’اب مجھے انڈین اوپرا کرنا ہے اور اس کے لیے مجھے ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے بارے میں علم ہونا چاہیے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یوں تو سكھ وندر نے کئی اداکاروں کے لیے گیت گائے لیکن شاہ رخ خان سے ان کا خاص تعلق ہے۔
خواہ وہ ’چلے چھياں چھياں‘ ہو یا پھر فلم ’چک دے‘ کا ٹائٹل سنگ ہو یا پھر فلم ’اوم شانتی اوم‘ کا گیت ’درد ڈسکو‘ ہو۔
شاہ رخ اور سكھ وندر سنگھ کے تعلقات بہت حد تک خوشگوار رہے اور ان کی جوڑی نے بعض مقبول نغمے بھی دیے۔
سكھ وندر کہتے ہیں: ’شاہ رخ اور میرے درمیان ایک روحانی رشتہ ہے۔ ہم دونوں بہت لگن سے کام کرتے ہیں اور یہی ہماری کامیابی کا راز ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہpr
سكھودر نے فلم ’روجا‘ میں اے آر رحمان کی موسیقی سننے کے بعد ان کے ساتھ کام کرنے کی چاہت کا اظہار کیا تھا۔
فلم ’دل سے‘ میں شاہ رخ کے لیے انھوں نے گانا گایا۔ اس کے بعد پیش آنے والے ایک مزیدار واقعے کا ذکر کیا۔
’چھياں چھياں پر ڈانس کرتے ہوئے شاہ رخ کو جب میں نے دیکھا تو میں نے اے آر رحمان سے پوچھا کہ یہ لڑکا کون ہے جو ٹرین پر ڈانس کر رہا ہے؟ تب انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ شاہ رخ خان ہیں، فلم کے ہیرو۔ میں اس سے پہلے شاہ رخ کو جانتا تک نہیں تھا۔‘
فی الحال سكھ وندر نئے سال کے جشن کے بارے میں بہت پرجوش ہیں اور ان کے پاس ڈھیر سارے شوز کرنے کی پیشکش ہیں۔







