’ون ڈائریکشن‘ کے ایک سال کے لیے راستے جدا

زین ملک نے مارچ میں اس بینڈ سے علیحدگی اختیار کی تھی

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنزین ملک نے مارچ میں اس بینڈ سے علیحدگی اختیار کی تھی

برطانوی میوزک بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کے اراکین کم از کم ایک سال کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور وہ آئندہ سال مارچ میں اپنے پانچویں البم کی ریلیز کے بعد اپنا اپنا علیحدہ کام کریں گے۔

’دا سن‘ اخبار نے ذرا‏ئع کے حوالے سے بتایا ہے کہ زین ملک کے بینڈ چھوڑنے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے تاہم بینڈ کے ذرا‏ئع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا تعلق زین کے بینڈ سے علیحدہ ہونے سے نہیں ہے۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق پانچ سال ایک ساتھ کام کرنے کے بعد اب ہیری سلائلز، لیام پین، لوئی ٹوملنسن، اور نیال ہوران نے گذشتہ ہفتے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ کم از کم ایک سال کے لیے ایک ساتھ کام کے بجائے اپنے اپنے پروجیکٹ پر تنہا کام کریں گے۔

یہ بینڈ پانچ لڑکوں پر مشتمل تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیہ بینڈ پانچ لڑکوں پر مشتمل تھا

سنہ 2010 میں ہونے والے ایک ٹی وی ٹیلنٹ شو دا ایکس فیکٹر کے دوران یہ بینڈ سرخیوں میں آیا۔ تب سے یہ بینڈ چار البم ریکارڈ کر چکا ہے جبکہ دنیا بھر میں اس کے نام سے پانچ کروڑ ریکارڈ فروخت چکے ہیں۔

اس سال کے آغاز میں بھی ون ڈائریکشن کے شائقین کو اس وقت جھٹکا لگا تھا جب زین ملک نے بینڈ چھوڑا تھا۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا وقت بھی چونکانے والا ہے کیونکہ یہ بینڈ اپنا پانچواں گیت ریکارڈ کرنے والا تھا۔

یہ بینڈ سنہ 2010 میں دا ایکس فیکٹر سے مقبول ہوا تھا

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنیہ بینڈ سنہ 2010 میں دا ایکس فیکٹر سے مقبول ہوا تھا

اطلاعات کے مطابق اب وہ اپنے البم کی تشہیر کے لیے بھی کوئی سفر نہیں کریں گے اور اس طرح اب ان کا آخری مکمل شو 31 اکتوبر کو موٹرپوائنٹ ارینا میں ہوگا۔

ذرائع نے دا سن کو بتایا: ’ان میں کسی قسم کی کوئی مخاصمت نہیں ہے اور تمام صد فی صد اس فیصلے سے متفق ہیں۔‘

تاہم انھوں نے کہا کہ ایک عرصے کے لیے وقفہ لینے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ یہ بینڈ ٹوٹ رہا ہے۔