’بالی وڈ کو اصل خطرہ تو ہالی وڈ سے ہے‘

،تصویر کا ذریعہpr
بھارتی اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کو اصل خطرہ جنوبی ہندوستان کی فلم انڈسٹری میں بننے والی فلموں سے نہیں بلکہ ہالی وڈ سےہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنوبی ہندوستان کی زبانوں تمل اور تیلُگو میں بنی فلم ’ بہوبلی‘ کی مقبولیت بالی وڈ کے لیے کبھی بھی خطرہ نہیں بن سکتی ہے کیونکہ ’وہ تو انڈیا کا ہی حصہ ہے اور وہ ہماری ہی انڈسٹری ہی ہے۔ اصل خطرہ تو ہالی وڈ سے ہے۔‘
انھوں نے یہ بات اپنی نئی فلم ’برادرز‘ کی ریلیز سے قبل ایک اشتہاری پروگرام میں کہی۔
ان کا خیال ہے کہ جس طرح کی فلمیں ہالی وڈ میں بنائی جاتی ہیں ان کے لیے بڑا بجٹ درکار ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ میں جو ایکشن فلمیں بنتی ہیں وہ اس طرح سے بنائی جاتی ہیں کہ ان کو لوگ اپنے گھروالوں کے ساتھ بیٹھ کر بھی دیکھ سکیں اور فلم کا مزہ لے سکیں اور ان فلموں کا بجٹ بھی ایسا ہوتا ہے کہ جس کا مقابلہ ہالی وڈ سے نہیں کیا جا سکتا۔
اکشے کمار سے جب یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے حال ہی میں ’ بے بی ‘ اور ’ ہالی ڈے‘ دو ایسی فلموں میں کام کیا ہے جن کا موضوع شدت پسندی تھا۔ وہ شدت پسندی کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا ’ شدت پسندی صرف انڈیا کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کےلیے بہت بڑا خطرہ بنتی جارہی ہے اور اس کے لیے میڈیا بھی بہت حد تک ذمہ دار ہے‘۔
انھوں نے کہا کہ میڈیا شدت پسندی کی کاروائیوں کو بے حد کوریج دیتا ہے۔ ’شدت پسند جو بھی کرتے ہیں میڈیا ان کو فرنٹ پیج پر جگہ دیتا ہے۔ شدت پسند چاہتے ہیں کہ انہیں کوریج ملے اور میڈیا وہی کر رہی ہے جو وہ چاہتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اکشے کمار کا شمار بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ شروعاتی دور میں ان کی شبیہ ایک ایکشن ہیرو کے طور پر تھی لیکن اب وہ کامیڈی فلمیں بھی کرتے ہیں اور فلم ناقدین کا کہنا ہے کہ اکشے کمار ایک بہترین مزاحیہ اداکار ہیں۔
اکشے کا شمار بالی وڈ کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو فلم پروڈیوسروں کے پسندیدہ اداکار ہیں کیونکہ ان کی فلمیں باکس آفس پر بہترین کمائی کرتی ہیں۔ اس برس ان کی چار فلموں نے سو کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
اکشے کمار کہتے ہیں ’ہم لوگ اداکار ہیں کوئی ریس کے گھوڑے نہیں کہ ہمارے نمبروں کا حساب لگایا جائے۔‘
اس برس اکشے کمار کی جو اہم فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں ان میں’برادرز‘ اور ’سنگھ از بلنگ‘ اہم ہیں۔







