جیرمی کلارکسن اب ایمیزون پرائم پر پروگرام کریں گے

 کلارکسن کے جانے کے بعد ان کے ساتھی میزبانوں نے بھی ٹاپ گیئر کے نئے میزبان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAmazon Prime Video

،تصویر کا کیپشن کلارکسن کے جانے کے بعد ان کے ساتھی میزبانوں نے بھی ٹاپ گیئر کے نئے میزبان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا

گاڑیوں سے متعلق بی بی سی کے مقبول پروگرام ٹاپ گیئر کے میزبانوں کی ٹیم نے ایمیزون کی آن لائن ویڈیو سٹریمنگ سروس پر ایک نیا پروگرام پیش کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔

جیرمی کلارکسن، رچرڈ ہیمنڈ اور جیمز مے نے ایمیزون پرائم پر اس پروگرام کے تین سیزن پیش کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

اس پروگرام کا پہلا سیزن 2016 میں پیش کیا جائے گا۔

54 سالہ کلارکسن کا شمار بی بی سی ٹو کے مقبول ترین میزبانوں میں ہوتا تھا۔ تاہم پروگرام کے ایک پروڈیوسر سے ’لڑائی‘ کے بعد انھیں بی بی سی انتظامیہ کی جانب سے رواں برس مارچ میں معطل کر دیا گیا تھا اور بعد میں انتظامیہ نے ان کے لائسنس کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کلارکسن کے جانے کے بعد ان کے ساتھی میزبانوں نے بھی ٹاپ گیئر کے نئے میزبان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایمیزون کی جانب سے معاہدے کے اعلان کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کلارکسن نے کہا ہے کہ ’مجھے لگ رہا ہے کہ میں دو پروں والے جہاز سے نکل کر خلائی جہاز میں آ بیٹھا ہوں۔‘

جیمز مے کا کہنا تھا کہ ’ہم دورِ جدید کے سمارٹ ٹی وی کا حصہ بن گئے ہیں۔‘

تاحال ان تینوں کے نئے پروگرام کے نام کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے تاہم اسے ٹاپ گیئر کے ہی سابق ایگزیکیٹو پروڈیوسر اینڈی ولمین ہی پیش کریں گے۔

ولمین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام پر ان فنکاروں کی موسمِ گرما کی تعطیلات سے واپسی کے فوراً بعد کام شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ایمیزون سے معاہدے کے فیصلے کی وجہ وہ آزادی تھی جو ایمیزون نے ہمیں دی کہ ہم اپنی پسند کا پروگرام بنا سکیں۔‘