’بہوبلی کی ریلیز کے پہلے ہی دن 50 کروڑ کی کمائی‘

،تصویر کا ذریعہspice
بھارتی سنیما کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم قرار دی جانے والی فلم ’بہوبلی‘ نے اطلاعات کے مطابق ریلیز کے پہلے دن 50 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
اس طرح یہ فلم بھارت میں اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
ایس ایس راجامولي کی دو حصوں پر مشتمل فلم کو ملک بھر خصوصاً جنوبی بھارت سے زبردست رسپانس ملا ہے۔
بھارتی فلموں کے باکس آفس پر نظر رکھنے والے ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے ٹوئٹر پر فلم کے کلیکشن کے بارے میں معلومات دیں۔
انھوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا، ’بہوبلی نے تاریخ رقم کر دی۔ تمام ورژنز میں پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے کا ریکارڈ توڑا.۔بھارت میں 50 کروڑ۔ حیرت انگیز اور بےمثال۔‘

،تصویر کا ذریعہSpice PR
تین برس میں مکمل ہونے والی یہ فلم پر ڈھائی ارب روپے لاگت آئی ہے اور اسے چار زبانوں میں ریلیز کیا گیا ہے۔
اس فلم نے تمام زبانوں میں 50 کروڑ روپے کی کمائی کی جبکہ اس کے ہندی ورژن کی کمائی پہلے دن پانچ کروڑ 15 لاکھ روپے رہی۔
جنوبی ہندوستان کے شہروں میں جن سنیما گھروں میں یہ فلم ریلیز کی گئی وہاں بکنگ 90 سے 100 فیصد رہی جبکہ بھارت کے باقی حصوں میں یہ شرح 55 فیصد سے زیادہ رہی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس فلم کے سپیشل ایفیکٹس کی وجہ سے اسے ہالی وڈ کے ہدایتکار زیک سنائیڈر کی ’فینٹسی وار‘ فلم 300 کا بھارتی جواب بھی کہا جا رہا ہے۔
بہوبلی ایک شہزادے کے کہانی ہے جسے اس کی ریاست سے نکال دیا جاتا ہے اور وہ اپنا تخت واپس لینے کے لیے لوٹتا ہے اور اپنے بھائی سے مل کر ایک اساطیری جنگ میں حصہ لیتا ہے۔







