ٹام کروز کےہم شکل پاکستانی پائلٹ کے چرچے

پیرس ایئر شو میں حصہ لینے والے سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر

،تصویر کا ذریعہPAF

،تصویر کا کیپشنپیرس ایئر شو میں حصہ لینے والے سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر

پاکستانی فضائیہ کے سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر کو سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر امریکی اداکار ٹام کروز سے مشابہہ قرار دیا جا رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں منعقد ہونے والے پیرس ایئر شو میں سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر نے بھی حصہ لیا تھا۔

پاکستانی ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے فرانس پہنچے سے قبل راستے میں فیول ڈلوانے کے لیے اٹلی اترے تھے۔

،تصویر کا ذریعہSOCIAL MEDIA

پی اے ایف کی ویب سائٹ پر 13 جون کو جاری ہونے والی پریس ریلیز میں سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر کو اٹلی کی ایئر بیس پر وہاں موجود پاکستانی سفیر تہمینہ جنجوعہ کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر نے جے ایف 17 تھنڈر طیارے میں بیٹھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

لیکن بعد میں یہ سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر کی تصاویر سوشل میڈیا پر ’ٹام کروز کے مشابہہ‘ کے عنوان سے شیئر کی جانے لگیں۔

امریکی اداکار ٹام کروز

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنامریکی اداکار ٹام کروز

سماجی میڈیا پر یہ رائے پیش کی جا رہی ہے کہ سنہ 1986 میں ٹام کروز نے ٹاپ گن نامی فلم میں ایک پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا اور سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر اس تصویر میں بالکل ان جیسے دکھائی دے رہے ہیں۔

جہاں بہت سے پاکستانیوں نے اس پر مسرت کا اظہار کیا وہیں ٹوئٹر پر ایک خاتون نے سکوارڈن لیڈر یاسر مدثر کو شادی کی پیشکش بھی کی۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER

پاکستان کے سینیئر صحافی عباس ناصر نے ٹام کروز کے ہم شکل فائٹر کو پیرس ایئر شو میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھجوانے کو ’اچھی حکمتِ عملی‘ قرار دیا۔

ان کی ٹوئٹ کے جواب میں عمران سعید حان نے لکھا کہ ’ اس لُک کے ساتھ وہ کچھ جے ایف تھنڈر بیچ سکیں گے‘