سیف اور شاہد کپور ایک ساتھ

کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی بالی وڈ کی یادگار شادیوں میں شمار ہوتی ہے
،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی بالی وڈ کی یادگار شادیوں میں شمار ہوتی ہے

بالی وڈ کے نواب سیف علی خان ’ہیپی اینڈگ‘ کی مایوس کن کار کردگی کے بعد سے کسی بھی فلم کے لیے ہاں کہنے میں پس و پیش میں تھے۔

لیکن اب فلم سازوں کو انھوں نے ہری جھنڈی دے دی ہے اور کئی فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی پیش کش پر حامی بھری ہے۔

انھوں نے وشال بھاردواج، سوجوے گھوش اور وكرمادتیہ موٹوانی کی فلموں کے لیے حامی بھر دی ہے۔

سیف علی خان کے یکے بعد دیگرے فلموں کے لیے حامی بھرنے سے زیادہ وشال بھاردواج کی فلم زیر بحث ہے۔

دراصل یہ فلم اس لیے موضوع گفتگو ہے کیونکہ اس میں سیف علی خان کے ساتھ شاہد کپور کے نظر آنے کی اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ سیف علی خان اداکارہ کرینہ کپور کے شوہر ہیں اور شاہد کپور کے ساتھ کرینہ کپور کے قصے کبھی زباں زد ہوا کرتے تھے۔

سیف علی خان اور شاہد کپور پہلی بار کسی فلم میں ایک ساتھ ہوں گے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسیف علی خان اور شاہد کپور پہلی بار کسی فلم میں ایک ساتھ ہوں گے

جب اس فلم کے بارے میں سیف علی خان سے دہلی میں منعقدہ ایک موبائل لانچ کے موقع پر پوچھا گیا، تو انھوں نے کہا: ’ہاں، میں وشال بھاردواج کی فلم کر رہا ہوں۔ تاہم، ابھی تک سکرپٹ نہیں پڑھی ہے۔ ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے میں بہت پرجوش ہوں۔‘

ہر چند کہ کرینہ کپور اور شاہد کپور نے ایک ساتھ کئی فلمیں کی ہیں لیکن سیف اور شاہد پہلی بار ایک ساتھ ہوں گے۔ سیف کی آخری فلم بہت کامیاب نہیں رہی لیکن شاہد کپور کی فلم حیدر بہت مقبول رہی۔

اس کے علاوہ سیف جاپانی ناول پر مبنی سوجوے گھوش کی تھرلر فلم میں بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ کنگنا راناوت ہوں گی۔

اس کے علاوہ ’اڑان‘ اور ’لٹیرا‘ جیسی چیدہ فلمیں پیش کرنے والے وكرمادتیہ موٹوانی کی فلم میں بھی سیف ہوں گے۔