دیپیکا کے لیے بنارس کی سیر ’روحانی‘ رہی

،تصویر کا ذریعہRaindrop Media
بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پاڈو کون کا کہنا ہے کہ تاریخی شہر بنارس سے وہ بہت حد تک ہم آہنگ رہیں حالانکہ وہ اس شہر میں پہلی بار گئیں تھیں۔
دیپیکا پاڈوکون شوجیت سرکار کی آنے والی فلم ’پیکو‘ کی شوٹنگ کے لیے وہاں تھیں اور ان کا قیام تقریبا دو ہفتے رہا۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انھوں نے وہاں کے مقامی کھانوں کا لطف اٹھایا، بازار گئیں اور اپنے دوستوں کے لیے تحفے بھی خریدے۔
اس فلم میں امیتابھ بچن کے علاوہ عرفان خان بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ دیپکا ایک ماہر فنِ تعمیر کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ امیتابھ ان کے والد کے روپ میں دکھائی دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق دیپیکا بنارس کے معروف مندروں اور گھاٹوں پر بھی گئیں۔

،تصویر کا ذریعہHOMI ADAJANIA
دیپیکا نے اپنے اس تجربے کو ’روحانی‘ سفر سے تعبیر کیا ہے۔
انھوں نے کہا: ’میں ان جگہوں پر پہلی بار آئی اور مجھے بہت سکون ملا۔ عرفان اور ہم ریلوے سٹیشن کے علاقے میں بھی گئے۔‘
انھوں نے بتایا کہ انھوں نے گھومنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دیپکا نے بتایا: ’ہم لوگوں کا لوکیشن تبدیل ہونے والا تھا۔ ہمارے گروپ کے لوگوں نے ہم سے کار میں ہی رہنے کو کہا لیکن ہم اور عرفان چہل قدمی کرنا چاہتے تھے۔ ایک اداکار کے طور پر ہمیں سڑکوں پر چلنے کا کم ہی موقع ملتا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty
انھوں نے بتایا کہ یہ چہل قدمی بہت مختصر تھی تاہم یادگار رہے گی۔
دیپکا نے بتایا: ’ہم نے سڑک کے کنارے موجود چائے کی دکان سے ایک پیڑ کے نیچے بیٹھ کر چائے بھی پی۔‘
فلم مئی کے اوائل میں ریلیز ہونے والی ہے۔







