کسی خان کے ساتھ کام کر کے غائب نہیں ہونا: بپاشا

،تصویر کا ذریعہBIPASHA BASU OFFICIAL PAGE
اداکارہ بپاشا باسو کو بالی وڈ میں قدم رکھے ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم انھیں بالی وڈ کے ٹاپ تین خان یعنی عامر، شاہ رخ اور سلمان کے ساتھ کام کرنے کا موقع تقریباً نہ ہونے کے برابر ملا ہے۔
اپنی آنے والی فلم ’الون‘ کے سلسلے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس سوال پر قدرے ناراض ہوتے ہوئے انھوں نے کہا: ’میں نے کبھی بڑے سٹارز دیکھ کر نہیں بلکہ اپنا کردار دیکھ کر فلمیں کی ہیں۔ کئی اداکارائیں ہیں جنھوں نے عامر، سلمان یا شاہ رخ کے ساتھ ایک دو فلمیں کیں اور غائب ہو گئیں۔‘
انھوں نے یاد دہانی کرتے ہوئے کہا: ’میرے ساتھ ہی گریسي سنگھ کی انٹری ہوئی تھی۔ انھوں نے لگان جیسی مارڈن کلاسک میں عامر خان کے ساتھ اپنے فلمی کریئر کی ابتدا کی تھی۔ آج ان کا کیا ہوا؟ جبکہ میں تو اب تک کام کر رہی ہوں۔‘
بپاشا کریئر کے اس موڑ پر ہیں جب ان کے پاس بڑے بینر کی فلمیں نہیں ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وہ جمعے کو ریلیز ہونے والی فلم ’الون‘ میں کرن سنگھ گروور جیسے نسبتاً نئے آرٹسٹ کے ساتھ ہیں۔ لیکن اس کے باوجود وہ ان فلموں سے خوش ہیں: ’مجھے اس عمر میں کالج کی لڑکی کا کردار تو جچے گا نہیں۔ اس لیے میں جان بوجھ کر ایسی فلمیں چنتی ہوں۔‘
بپاشا فلم انڈسٹری میں 14 سال گزارنے کو بڑی کامیابی گردانتی ہیں: ’ایک ہیروئن کے لیے اتنے لمبے وقت تک ٹکنا بڑا مشکل ہوتا ہے۔ مجھے انڈسٹری کا زیادہ تعاون بھی نہیں ملا لیکن میں خوش ہوں۔ اپنی بہنوں کے لیے میں رول ماڈل ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ سال ان کی ڈائریکٹر ساجد خان کے ساتھ ان بن ہو گئی تھی۔ وہ ساجد کی فلم ’ہم شکلز‘ میں نظر آئی تھیں لیکن ریلیز سے پہلے انھوں نے اپنے آپ کو فلم سے علیحدہ کر لیا تھا اور اس کے پروموشن میں بھی نظر نہیں آئی تھیں۔
وہ کہتی ہیں: ’میں ساجد کے ساتھ کبھی کام نہیں کرنا چاہوں گی کیونکہ مجھے ان کا کام پسند نہیں ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بپاشا سے جب ان کی شادی کے بارے میں پوچھا گیا تو وہ اسے ٹال گئیں۔







