دلیپ کمار کے گھر کو عجائب گھر بنانے کا اعلان

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی حکومت نے پشاور سے تعلق رکھنے والے برصغیر پاک و ہند کی فلم انڈسٹری کے عظیم فنکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو خریدنے کا اعلان کرتے ہوئے ان میں جدید عجائب گھر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے پہلے سابق اور موجود حکومتوں نے دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو خریدنے اور اسے ثقافتی ورثہ قرار دینے کے کئی مرتبہ وعوے کیے تاہم اس سلسلے میں ابھی تک عملی اقدامات کم ہی دیکھنے کو ملے ہیں۔
یہ اعلان وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و ثقافت امجد آفریدی نے جمعرات کو پشاور پریس کلب میں غیر سرکاری تنظیم کلچرل ہیرٹیج کونسل اور ٹورزم کارپوریشن کی طرف دلیپ کمار کی 92 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت نے برسرِ اقتدار آتے ہی صوبے اور بالخصوص پشاور میں واقع تاریخی ورثہ کو محفوظ بنانے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے دلیپ کمار کے مکان کو محفوظ بنانے کےلیے ہنگامی بنیادوں پر انٹکویٹی ایکٹ کا نفاذ کیا تاکہ کوئی تاریخی ورثے کو تباہ و برباد نہ کر سکے۔
امجد آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت بہت جلد نہ صرف دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو سرکاری تحویل میں لی رہی ہے بلکہ ان دونوں مکانات کو عجائب گھروں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ان فنکاروں کی جائے پیدائش کو آئندہ نسلوں تک محفوظ بنایا جا سکے۔
تقریب سے دلیپ کمار کی اہلیہ اور ماضی کی مشہور فنکارہ سائرہ بانو اور ہندوستانی سنیما کے اداکار منوج کمار نے ٹیلی فون کے ذریعے خطاب کیا۔
سائرہ بانو نے کہا کہ دلیپ کمار گذشتہ چند دنوں سے نمونیا کے مرض میں مبتلا تھے اور ہسپتال میں زیرِعلاج بھی رہے تاہم وہ آج جمعرات کو ہی تندرست ہو کر گھر پہنچے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

انھوں نے کہا کہ وہ اور ان کے شوہر پشاور کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہر سال دلیپ کمار کے یوم پیدائش کو بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں اور انھیں اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں۔
سائرہ بانو نے کہا کہ ان خواہش ہے کہ وہ پشاور کا ایک مرتبہ پھر دورہ کریں لیکن دلیپ کمار کی صحت اس کی اجازت نہیں دیتی۔
تقریب سے ٹیلی فون کے ذریعے سے خطاب کرتے ہوئے پشاور سے تعلق رکھنے والے ٹی وی کے مشہور اداکار فردوس جمال نے کہا کہ پشاور کی مٹی ایک برینڈ ہے جس نے بڑے بڑے فنکاروں کو جنم دیا ہے۔
تقریب میں شریک پاکستان آئیڈل میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے پشاور کے نوجوان گلوکار محمد شعیب نے دلیپ کمار پر فلمایا گیا ایک فلمی گیت بھی پیش کیا۔
تقریب سے محکمۂ ثقافت، آثار قدیمہ کے افسران اور اور پریس کلب کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔







