نیٹ فلکس اب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی

نیٹ فلکس کا قیام سنہ 1997 میں عمل میں آیا تھا اور دنیا کے 40 سے زیادہ ممالک میں اس کے تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ صارفین ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشننیٹ فلکس کا قیام سنہ 1997 میں عمل میں آیا تھا اور دنیا کے 40 سے زیادہ ممالک میں اس کے تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ صارفین ہیں

انٹرنیٹ پر ٹی وی پروگرام اور فلمیں دکھانے والی امریکی کمپنی نیٹ فلکس اپنی خدمات کا دائرہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ تک پھیلانے کی تیاری کر رہی ہے۔

کمپنی آئندہ سال مارچ کے مہینے سے وہاں اپنی خدمات شروع کرے گی۔

کیلیفورنیا کی یہ کمپنی اپنے پروگراموں ’مارکو پولو،‘ اور ’بو جیک ہورس مین‘ کے لیے معروف ہے اور یہ پروگرام آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں لانچ کے وقت دستیاب ہوں گے۔

کمپنی نے کہا ہے کہ نئے بازار کے لیے پروگراموں کی قیمتوں کی تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ نیٹ فلکس کا قیام سنہ 1997 میں عمل میں آیا تھا اور دنیا کے 40 سے زیادہ ممالک میں اس کے تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ صارفین ہیں۔

ٹی وی اور فلم سٹریمنگ کی صنعت رو بہ ترقی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنٹی وی اور فلم سٹریمنگ کی صنعت رو بہ ترقی ہے

نیٹ فلکس میں کارپوریٹ کمیونیکیشن اور ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر کلف ایڈورڈز نے فیئر فیکس میڈیا کو بتایا کہ ’آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بہت عرصے سے ہمارے پاس آ رہے تھے۔۔۔ دونوں ممالک ہمارے لیے اہم مارکیٹس ہیں اور کمپنی کو امید ہے کہ جب مارچ میں اسے لانچ کیا جائے گا تو لوگوں کے جوش و جذبے میں اضافہ ہوگا۔‘

یہ فیصلہ اس وقت کیا گيا ہے جب آسٹریلیا کی بہت سی میڈیا کمپنیاں سٹریمنگ کی ابھرتی ہوئی صنعت میں آنا چاہتی ہیں۔ اس سے نیٹ فلکس کو سخت مقابلے کا سامنا رہے گا۔

نیٹ فلکس اس سال کے آغاز میں جرمنی اور فرانس میں لانچ ہوئی تھی۔ اس کے باوجود کمپنی کی سب سے زیادہ کمائی امریکہ ہی سے ہے۔

اس سے قبل کمپنی نے کہا تھا کہ لانچ کے دو سال بعد یہ کینیڈا میں منافع بخش حالت میں آ چکی ہے۔