بالی وڈ راؤنڈ اپ
مودی اور شاہ رخ کے لیے سلمان کا دعوت نامہ

،تصویر کا ذریعہReuters
اداکار سلمان خان نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
سلمان ان دنوں فلم ’بجرنگي بھائی جان‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں دہلی میں ہیں۔
ایک نیوز چینل کے مطابق وہ اپنی بہن ارپتا خان کی شادی کا دعوت نامہ دینے کے لیے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران سلمان کے ساتھ ان کی بہن بھی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق سلمان خان نے اپنی بہن کی شادی کا دعوت نامہ شاہ رخ خان کو بھی دیا ہے۔
ارپتا کی شادی دہلی کے ایک تاجر خاندان میں آیوش شرما کے ساتھ ہو رہی ہے۔
دونوں کی شادی حیدرآباد کے فلك نما محل میں ہونی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سلمان خان نے اس پورے ہوٹل کو ایک ہفتے کے لیے بک کر لیا ہے اور اس کے لیے تین کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔
گووندا کا جواب نہیں

،تصویر کا ذریعہ
بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑہ کو بذات خود ایک اچھی ڈانسر تصور کیا جاتا ہے لیکن حال میں ریلیز ہونے والی فلم ’کل دل‘ میں ان کا سامنا گووندہ سے ہو گيا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پرینیتی چوپڑہ کا کہنا ہے کہ گووندا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر رقص کرنا آسان نہیں۔ انھوں نے کہا: ’ان کے ساتھ ڈانس کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ میں ان کے جیسی بہتر ڈانسر تو نہیں ہوں تاہم مجھے ان کے ساتھ قدم سے قدم ملانا تو تھا ہی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’گووندا رقص کے دیوتا ہیں اور کوئی ان جیسا رقص نہیں کر سکتا۔‘

،تصویر کا ذریعہYASHRAJ FILMS
گووندہ نے فلم ’کل دل‘ کے ٹائٹل سونگ میں اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس فلم میں رنویر سنگھ اور علی ظفر بھی ہیں۔ رنویر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’پہلے کے یا آج کے تمام اداکاروں میں کوئی بھی ایسا نہیں جو ان کی صلاحیت کا مقابلہ کر سکے۔ وہ واقعی میں ایک آل راؤنڈر ہیں۔‘
گووندا کی تعریف میں انھوں نے مزید کہا: ’میرے خیال میں گووندا بھارتی سینما میں قدم رکھنے والے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔‘
سیف علی خان کا پولیس والا مداح

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ کے اداکار سیف علی کو معروف امریکی شہر لاس اینجلس میں ایک مداح مل گیا۔ یہ مداح ایک پولیس والا نکلا۔
سیف علی خان ان دنوں اپنی فلم ’ہیپی اینڈنگ‘ کی شوٹنگ کے لیے لاس اینجلس میں ہیں۔ ان کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اس فلم کا ایک گیت ’حسینہ تو، کمینہ میں‘ کے لیے شوٹنگ کر رہے تھے۔
ایک پولیس والے نے اس دوران سیف علی خان سے ملاقات کی اور اپنا تعارف ایک مداح کے طور پر کرایا۔
انھوں نے کہا کہ انھوں نے سیف کی بہت ساری فلمیں دیکھ رکھی ہیں اور انھیں ان کی فلم ’کاک ٹیل‘ بہت پسند ہے۔
سات سمندر پار کے اپنے مداح کو سیف علی خان نے ناامید نہیں کیا اور ان کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی۔







