پرینکا اپنے آپ پر بنائی جانے والی فلم پر ناراض

فلموں میں آنے سے قبل پرینکا چوپڑا ماڈلنگ کیا کرتی تھیں

،تصویر کا ذریعہKrrish 3

،تصویر کا کیپشنفلموں میں آنے سے قبل پرینکا چوپڑا ماڈلنگ کیا کرتی تھیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا بذات خود معروف بھارتی خاتون باکسر اور پانچ بار کی عالمی چیمپیئن میری کام کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کر رہی ہیں، لیکن وہ اپنی زندگی پر بننے والی فلم کے ذکر سے ہی سخت ناراض ہیں۔

فلم ساز اسیم مرچنٹ جو مبینہ طور پر پرینکا چوپڑا کے سابق عاشق ہیں، اس فلم کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ فلموں میں آنے سے پہلے جب پرینکا ماڈلنگ کرتی تھیں تب وہ مبینہ طور پر پرینکا کے بوائے فرینڈ ہوا کرتے تھے۔

جب ایک صحافی نے پرینکا سے اس فلم کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا: ’میں بہت برہم ہوں۔ ایک لڑکی کی حیثیت سے میں جس دکھ اور تکلیف سے گزری، میرے خاندان پر جو بیتی، کوئی اسے پردے پر پیش کرنا چاہتا ہے۔ کوئی میری تکلیف پر فلم بنانا چاہتا ہے ، یہ بے حد شرمناک بات ہے۔‘

تاہم بعد میں پرینکا نے نرم لہجے میں یہ بھی کہا: ’اب میں اتنی بھی عظیم نہیں ہوئی ہوں کہ کوئی میری زندگی پر فلم بنائے۔‘

اطلاعات کے مطابق اس فلم میں پرینکا کی ماڈلنگ کے دنوں کی زندگی کی عکاسی کی جائے گی۔

’ان مائی سٹی‘ اور ’ایگزاٹک‘ کے بعد پرینکا اب اپنا تیسرا گانا ’آئی كانٹ میک یو لو می‘ لے کر آئی ہیں۔

پرینکا اب اپنا تیسرا گانا ’آئی كانٹ میک یو لو می‘ لے کر آئی ہیں
،تصویر کا کیپشنپرینکا اب اپنا تیسرا گانا ’آئی كانٹ میک یو لو می‘ لے کر آئی ہیں

انھوں نے ’ان مائی سٹی‘ امریکن ریپر اور گلوکار ول آئی ایم اور ’ایگزاٹک‘ پِٹ بل کے ساتھ مل کر گایا تھا، لیکن ان کا تیسرا گانا سولو ہے۔

پرینکا نے مستقبل میں ہندی فلموں میں بھی گلوکاری کے امکان سے انکار نہیں کیا۔ انھوں نے کہا: ’موقع ملنے کی بات ہے۔ میں مستقبل میں ہندی میں بھی گانا چاہوں گی۔‘

یہاں یہ واضح رہے کہ پرینکا پر سولو گیت کی کوششوں کی پذیرائی کے ساتھ ساتھ تنقید بھی ہوئی ہے۔

بعض لوگوں نے ان کے انگریزی تلفظ پر ان پر تنقید کی ہے۔

اس کے جواب میں پرینکا نے کہا: ’آپ جب کچھ نیا پیش کرنا چاہتے ہیں تو عام طور پر ایسا ہوتا ہے۔ لیکن اس خوف سے آپ اپنی کوشش تو نہیں چھوڑ دیتے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ آپ ناکام ہوں گے، سر پر کوئی پہاڑ تو نہیں ٹوٹ پڑے گا۔‘