رانی کی دعوت اور پرینکا کا نیا گانا

بالی وڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی اور معروف فلم ساز یش چوپڑا کے بیٹے آدتیہ چوپڑا نے گذشتہ دنوں اٹلی میں خاموشی سے شادی کر لی تھی، جس کے بعد انھوں نے حال ہی میں اپنے قریبی دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے پارٹی منعقد کی۔
یہ پارٹی ممبئی میں ان کے جوہو میں واقع بنگلے میں ہوئی۔ پارٹی سے پہلے چوپڑا خاندان نے اپنے بنگلے کی دیواروں کو مزید بلند کروا دیا تاکہ میڈیا اس تقریب کی تصاویر نہ لے اڑے۔
اطلاعات کے مطابق اس پارٹی میں کرن اور انوپم کھیر، کرن جوہر اور ان کی ماں ہیرو جوہر، گلوکار نتن مکیش اور رانی کا خاندان شامل ہوا۔
لوگوں کو حیرت اس بات پر تھی کہ رانی مکھرجی کی كزن اور معروف اداکارہ کاجول اور تنيشا مکھرجی اس پارٹی میں نہیں تھیں۔
ان کے علاوہ شاہ رخ خان اور عامر خان جیسے اداکار جو رانی اور آدتیہ کے قریبی دوست تسلیم کیے جاتے ہیں، وہ بھی اس پارٹی میں نظر نہیں آئے۔
برٹنی سپیئرز کو دیکھ کر پرینکا فرط جذبات سے مغلوب

،تصویر کا ذریعہAP
حال ہی میں بالی وڈ کی اداکارہ پرینکا چوپڑا کی ملاقات امریکی پاپ سٹار برٹنی سپيئرز سے ہوئی۔
دراصل پرینکا اپنے تیسرے سنگل کو پروموٹ کرنے امریکہ کے شہر لاس ویگس پہنچی تھیں۔ وہاں انھوں نے برٹنی سپیئرز کو دیکھا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان سے ملنے پہنچ گئیں۔ برٹنی نے بھی بہت گرم جوشی سے پرینکا سے ملاقات کی۔
’ایگزاٹک‘ اور ’ان مائی سٹی‘ جیسے اپنے دو سنگل ریلیز کرنے کے بعد پرینکا نے حال ہی میں اپنی تیسرا سنگل ’آئی كانٹ میک یو لو می‘ جاری کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس گیت کا ویڈیو بھی یوٹیوب پر جاری ہو چکا ہے جسے اب تک 13 لاکھ سے زیادہ ہٹس مل چکے ہیں۔
تاہم پرینکا کو بطور گلوکارہ ملاجلا رد عمل ملا ہے اور تعریف توصیف کے ساتھ ساتھ انھیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔
بہت سے لوگ ان کے تلفظ کو بے حد مصنوعی قرار دے رہے ہیں۔







