’مسٹر پرفیكشنسٹ‘ عامر خان 49 سال کے ہو گئے

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ میں ’مسٹر پرفیكشنسٹ‘ کے نام سے معروف عامر خان گذشتہ 25 سال سے ہندی سینیما پر اپنا نقش چھوڑتے آئے ہیں۔ وہ 14 مارچ کو 49 سال کے ہو گئے۔
سنہ 1988 میں فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ سے اپنے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز کرنے والے عامر کے لیے گذشتہ سال انتہائی کامیاب رہا۔ ان کی فلم <link type="page"><caption> ’دھوم -3‘ نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 500 کروڑ روپے کی کمائی کی</caption><url href=" http://www.bbc.co.uk/urdu/entertainment/2014/01/140109_dhoom3_record_500cr_income_mb.shtml " platform="highweb"/></link> تھی۔
ہر چند کہ اس سال عامر کسی بھی نئی فلم کی شوٹنگ شروع نہیں کریں گے کیونکہ یہ پورا سال وہ اپنے ٹی وی شو ’ستیہ مےوجیتے‘ کو وقف کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ ان کے شو کا دوسرا سیزن ہے جس میں سماجی مسائل کے مختلف پہلوؤں پر نظر ڈالی گئی ہے۔
اس شو میں اٹھائے جانے والے مسائل کی وجہ سے عامر ان دنوں سرخیوں میں ہیں لیکن ان کے شو پر تنقید بھی ہو رہی ہے۔
بعض ناقدین ان کے شو کو یک طرفہ کہہ رہے ہیں تو بہت سے لوگ ان پر کسی بھی مسئلے کا صرف ایک ہی پہلو پیش کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر نے ان کا جواب کچھ یوں دیا: ’ہم نے اپنے شو کے دوسرے سیزن کا آغاز دشرتھ مانجھی کے گاؤں گہلور سے کیا، اس کی وجہ یہی تھی کہ ہم بھی دشرتھ مانجھی سے سبق لے کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ چاہے لوگ ہمارے بارے میں افواہیں پھیلائیں، بدنام کریں، ہم پر ہنسے یا ڈرانے کی کوشش کریں، ہم اس سے نہیں گھبرائے گے اور اپنے راستے پر بڑھتے رہے گے، یہی ہماری کوشش ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق اس شو اور عامر کے نام کا فائدہ اٹھا کر بعض افراد انٹرنیٹ اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹوں پر اپنی تنظیموں کے لیے ڈونیشن مانگ رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ اس کے خلاف عامر خان بذات خود پولیس میں شکایت درج کرا چکے ہیں۔
شو پر تنقید کے جواب پر عامر نے کہا: ’جب بھی کوئی اچھا کام کرنے کی کوشش کرتا ہے تو بعض افراد اس سے خوش نہیں ہوتے۔ ان کی تعداد کم ہے لیکن وہ کوشش کر رہے ہیں کہ میرے بارے میں افواہیں پھیلائیں۔ لوگ سوشل میڈیا میں ایسی افواہیں پھیلانے کا کام کرتے ہیں اور اپنی شناخت بھی صیغۂ راز میں رکھتے ہیں۔‘
’جب لوگ یہ سب کرتے ہیں تو پڑھ کر مجھے دکھ بھی ہوتا ہے کیونکہ میں اپنی طرف سے کچھ اچھا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ ہندوستان کی عوام خوب سمجھتی ہے کہ کیا سچ ہے اور کیا سچ نہیں ہے گذشتہ 25 سالوں سے وہ مجھے دیکھ رہی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہStar Plus
ایک تنقید یہ بھی ہے کہ عامر خان اس شو کے بدلے چینل سے موٹی رقم لےرہے ہیں۔
اس بارے میں عامر نے کہا: ’میں پیسے لے کر اچھا کام کروں یہ میری کوشش ہے۔ پیسے لے کر میں برا کام بھی کر سکتا ہوں لیکن میری یہ کوشش رہتی ہے کہ میں اچھا کام کرکے كماؤں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’اس شو کے ذریعے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، مجھے ملک کے مختلف مقامات کے لوگوں سے ملنے کا موقع مل رہا ہے، تو میں اپنے آپ کو بہت خوش قسمت تصور کرتا ہوں۔‘







