عامر فرط جذبات سے مغلوب اور شاہد کپور گنجے ہوگئے
- مصنف, مرزا اے بی بیگ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
فرط جذبات سے مغلوب عامر چلے پردیس

،تصویر کا ذریعہEvent Pr
بالی وڈ کے معروف اداکار اور مسٹر پرفیکٹ کہے جانے والے عامر خان اپنے پہلے ٹی وی شو ’ستیہ مے و جیتے‘ کے پہلے سیزن کے دوران کئی مواقع پراپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے
’ستیہ مے و جیتے‘ کے دوسرے ایڈیشن کی شوٹنگ کے دوران بھی وہ کئی بار فرط جذبات سے مغلوب ہوئے اور ان پر اس کا اتنا زیادہ اثر ہوا کہ وہ کسی نامعلوم جگہ پر چھٹی منانے نکل گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس سیزن میں بھی عامر کا کئی دل چھونے والی کہانیاں اور کئی انتہائی متاثر کن واقعات سے سامنا ہوااور عامر کی حساس طبیعت اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکی۔
کئی جگہ وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ شوٹنگ سے فراغت کے بعد عامر 10 دنوں کے لیے بیرون ملک گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق وہ شوٹنگ کے دوران بعض واقعات سے اس قدر متاثر ہوئے کہ وہ ان چیزوں سے دور فرصت کے لمحات میں وقت گزارنا چاہتے ہیں تاکہ ان کے اثرات سے باہر آسکیں اور تازہ دم محسوس کر سکیں۔
سلمان کی بھی خواہش ہے!

،تصویر کا ذریعہHoture
بالی وڈ اداکار سلمان خان اپنی زندگی میں ذرا تبدیلی لانا چاہتے ہیں کیونکہ ایک پرومو کی تقریب پر انھوں نے کہا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ کو کار کے بجائے بائیک پر لے جانا چاہتے ہیں۔
سلمان خان سے ہمیشہ یہ سوال کیا جاتا ہے کہ وہ شادی کب کرنے والے ہیں لیکن حال ان سے ایک دوسرے قسم کا سوال پوچھ لیا گیا۔
وہ ایک ٹو وہیلر کے برانڈ کے پروموشن کے لیے پہنچے تو ان سے پوچھ لیا گیا کہ کیا وہ اپنی گرل فرینڈ کو کار کی سیٹ پر بٹھانا زیادہ پسند کریں گے یا موٹر سائیکل پر۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس پر سلمان نے کہا: ’میری کار کی فرنٹ اور بیک سیٹ پر تو لوگ بیٹھ چکے ہیں یقینی طور پر موٹر سائیکل پر بٹھانے کی خواہش ہے۔‘
سلمان خان نے وہاں اپنی فلم کا بھی پروموشن کر ڈالا یعنی وہ اپنی فلم ’جے ہو‘ کے پروموشن سے ابھی پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔
عامر خان کے مطابق سلمان خان فی الوقت بالی وڈ کے نمبر ون ہیں کیونکہ اپنے بل بوتے پر ان میں فلم کو ہٹ کرانے کی صلاحیت ہے۔
شاہد کپور کے سر پر استرا پھر گیا

،تصویر کا ذریعہ
شاہد کپور کے بال ان کے مداحوں کے لیے باعث کشش ہیں۔ لیکن اپنے بہت سے مداحوں کا دل توڑتے ہوئے شاہد کپور نے اپنے سر پر استرا پھروا لیا اور وہ گنجے ہو گئے۔
انھوں نے دل توڑنے یا ریکارڈ بنانے کے لیے ایسا نہیں کیا بلکہ سر منڈانے کا یہ حوصلہ انھوں نے وشال بھاردواج کی فلم ’حیدر‘ کے لیے دکھایا ہے۔ یا پھر مجبوری کہہ لیں کہ کردار کی یہی مانگ تھی۔ یا پھر وہ بھی مسٹر پرفیکٹ بننے کے خواہش مند ہیں؟
شاہد نے جب ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ سرمنڈانے ہونے والے ہیں تو ان کے مداحوں نے ایسا نہ کرنے کی اپیل کی تھی اور ٹوئٹر پر ’ڈونٹ گو بالڈ شاہد‘ نام کا ہیش ٹیگ بھی بہت ٹرینڈ کرنے لگا تھا۔ لیکن شاہد نے اپنے اس رول کے لیے اپنے خوبصورت بالوں کی ’قربانی‘ دے ہی دی۔
اس کے بعد شاہد کپور ٹوپی پہنے نظر آئے اور انھوں نے بہت احتیاط برت رکھی ہے کہ کسی طرح ان کا نیا لک ظاہر نہ ہو۔
وشال بھاردواج کی فلم میں معروف اداکار عرفان کا بھی اہم کردار ہے اور فی الحال کشمیر میں اس کی شوٹنگ جاری ہے۔







