دھوم تھری نے 500 کروڑ کا نیا معیار قائم کیا

بالی وڈ میں 100 کروڑ کا کلب بن چکا ہے۔ جب فلمیں 100 کروڑ کا بزنس کر لیتی ہیں تو انھیں ہِٹ فلموں کے اس ’اِليٹ‘ زمرے میں شمار کر لیا جاتا ہے۔
لیکن اب یوں لگتا ہے کہ ’100 کروڑ‘ کی بات پرانی ہو گئی ہے اور اتنی رقم بھی کم نظر آنے لگی ہے۔
ماہرین کے مطابق یش راج بینر کی فلم ’دھوم 3‘ نے ہندی سنیما کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے زبردست کمائی کی ہے۔ یہ فلم کرسمس سے پہلے 20 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔
پیر کو ’دھوم 3‘ بنانے والی کمپنی یش راج فلمز نے کہا کہ ’دھوم 3‘ نے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک ملا کر اب تک 500 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا ہے۔‘
یش راج کے مطابق بھارت میں اس فلم نے اب تک 351.29 کروڑ اور دوسرے ممالک میں 150.06 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم نے پہلے ہی دن ریکارڈ ساز کمائی کرتے ہوئے 36 کروڑ کا بزنس کیا تھا اور فلم محض تین دنوں میں 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہو گئی تھی۔
یش راج بینر کے تحت بننے والی اس فلم میں عامر خان نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ اس میں عامر کے علاوہ قطرینہ کیف، ابھیشک بچن، ادے چوپڑہ بھی ہیں۔
فلم بزنس کے ماہرین کے مطابق ’دھوم 3‘ نے وہ کر دکھایا جو آج تک کوئی بھی ہندی فلم نہیں کر سکی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم ناقد کومل نہاٹا کے مطابق فلم کی بھارت اور بیرون ملک کمائی اور اس کے سیٹلائٹ حقوق کے فروخت سے ہونے والی تمام کمائی کو جوڑ دیا جائے تو اس کے اعداد و شمار پانچ سو کروڑ روپے کو ہندسے کو پار کر جاتے ہیں۔
کومل کہتے ہیں: ’یہ ایسا بنچ مارک (معیار) ہے جس کو پار کرنا دوسری فلموں کے لیے مشکل ہوگا۔ یہ ریکارڈ آسانی سے ٹوٹنے والا نہیں ہے کیونکہ دھوم 3 نہ صرف بھارت میں بلکہ بیرون ملک بھی پرچم گاڑ رہی ہے۔ اس فلم کو یونیورسل بلاک بسٹر کہا جا سکتا ہے۔‘

’دھوم 3‘ تقریباً ڈیڑھ سو کروڑ روپے کی لاگت سے بنی ہے۔ اس لحاظ سے اس فلم سے منسلک ہر شخص، چاہے وہ فلم ساز یش راج بینر ہو یا ڈسٹری بیوٹر، سبھی لوگ منافع میں رہیں گے۔‘
کیا اس سال کوئی فلم ’دھوم 3‘ کو ٹکر دے پائے گی؟ اس کے جواب میں فلم کاروبار ماہر کومل نہاٹا نے کہا: ’سلمان خان کی فلم ’جے ہو‘ کا بہت شہرہ ہے۔ لوگوں میں اس کے بارے میں بہت زیادہ تجسس ہے۔ سلمان ایسے ہیرو ہیں جن کی فلمیں دیکھنے کے لیے لوگ ٹوٹ پڑتے ہیں۔ ہو سکتا ہے ان کی فلم یہ ریکارڈ توڑے۔‘
اس کے علاوہ شاہ رخ خان کی ’ہیپی نیو ایئر‘ اور ’فین‘ اور عامر خان کی ’پی کے‘ بھی اس سال آنے والی اہم فلموں میں شمار کی جا رہی ہیں۔







