سلمان خان کی ادھوری کمٹمنٹ، عرفان جوراسک پارک میں مالک

سلمان خان اپنے مخصوص مکالمے کے لیے جانے جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہstarplus

،تصویر کا کیپشنسلمان خان اپنے مخصوص مکالمے کے لیے جانے جاتے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان اپنے معروف ڈائیلاگ پر خود پورے نہیں اترے۔ ان کا وہ معروف ڈائیلاگ ہے: ’میں نے ایک بار جو كمٹمنٹ کردیا تو پھر میں خود کی بھی نہیں سنتا۔‘

سلمان خان کی فلم ’وانٹڈ‘ کا یہ مقبول مکالمہ زباں زدِ عام و خاص رہا اور سلمان کو اپنے عہد کا پابند سمجھا گیا کیونکہ انھوں نے کئی بار دوسری جگہ بھی اس کا استعمال کیا تھا۔ لیکن اس بار انھوں نے بعض لوگوں کو مایوس کر دیا۔

گذشتہ دنوں ایک ہسپتال کی افتتاحی تقریب پر سلمان کو پہنچنا تھا۔ سلمان نے آنے کے لیے ہامی تو بھر لی تھی لیکن پروگرام کے دن منتظمین ان کا انتظار کرتے رہے اور سلمان نہیں پہنچے۔

کاسمیٹک سرجری کے لیے کھولے جانے والے اس ہسپتال کی انتظامیہ نے سلمان خان کا تین گھنٹے تک انتظار کیا۔

وہاں میڈیا اپنے کیمروں کے ساتھ بڑی تعداد میں موجود تھا اور ہسپتال تک آنے والی سڑک پر سلمان کی ایک جھلک پانے کے لیے ان کے مداحوں کی بھیڑ امڈ آئی تھی لیکن ان سب کی خواہش دل میں ہی رہ گئي۔

واضح رہے کہ ان کے وہاں نہ پہنچنے کے اسباب واضح نہیں کیونکہ اس سے ایک دن قبل سلمان خان کانگریس رہنما کپل سبل کی البم لانچ کی تقریب میں موجود تھے۔

نئی جوراسک پارک میں عرفان خان ’مالک‘

عرفان خان ’سلم ڈاگ ملینیئر،‘ ’لائف آف پائی‘ اور ’سپائڈر مین‘ میں نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہfilm pr

،تصویر کا کیپشنعرفان خان ’سلم ڈاگ ملینیئر،‘ ’لائف آف پائی‘ اور ’سپائڈر مین‘ میں نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں

بالی وڈ کے معروف اداکار ہالی وڈ کے لیے نیا چہرہ نہیں ہیں۔ عرفان خان ’سلم ڈاگ ملینیئر،‘ ’لائف آف پائی‘ اور ’سپائڈر مین‘ میں نمایاں کردار ادا کرنے کے بعد اب وہ ہالی وڈ کے معروف ترین ہدایت کار سٹیون سپيلبرگ کی فلم ’جوراسک پارک‘ سیریز میں نظر آئیں گے۔

سپيلبرگ اپنی ڈائناسور فرنچائیز کا چوتھا حصہ لے کر آ رہے ہیں۔ اس فلم میں عرفان جوراسک پارک کے مالک کا کردار ادا کرنے والے ہیں۔

البتہ عرفان کا کردار فلم میں منفی نہیں ہے۔

سنہ 1993 میں پہلی بار فلم ’جوراسک پارک‘ پردۂ سیمیں پر آئی تھی، اور اس نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے تھے۔ اب اسی سلسلے کی چوتھی فلم کے سنہ 2015 میں جون کے مہینے میں ریلیز کی اطلاعات ہیں۔

ودیا بالن اور فرحان کی فلم کا سست آغاز

فلم نے دو دنوں میں 13 کروڑ کا بزنس کیا ہے

،تصویر کا ذریعہbalaji motions

،تصویر کا کیپشنفلم نے دو دنوں میں 13 کروڑ کا بزنس کیا ہے

اداکارہ ودیا بالن اور فرحان اختر کی اداکاری والی فلم ’شادی کے سائیڈ ایفکٹس‘ کا آغاز کسی شادی ہی کی طرح ہوا۔

اس فلم کے دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ فلم کا پہلا حصہ خاصا تیز اور تفریح سے پر ہے لیکن وقفے کے بعد فلم سست روی کا شکار ہو جاتی ہے اور کہانی بکھر بکھر سی جاتی ہے۔

فلم کو ناظرین اور ناقدین سے ملے جلے رد عمل مل رہے ہیں اور باکس آفس پر بھی فلم کا یہی حال ہے۔

ریلیز کے دو دنوں میں شادی کے سائیڈ ایفکٹس نے صرف 13 کروڑ روپے کی آمدن کی ہے۔

بہر حال پہلے دن جمعہ کے مقابلے دوسرے دن سنیچر کو فلم کی کمائی میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔