سلمان خان کو مداح کی تلاش اور شاہ رخ کا آسان رقص
- مصنف, سواتی بخشی
- عہدہ, بی بی سی ہندی، دہلی

،تصویر کا ذریعہAFP
سلمان خان کی موٹر بائیک
سلمان خان کی خواہش ہے کسی کو ایک جدید موٹر بائیک تحفے میں دینے کی۔
لیکن وہ یہ تحفہ اپنی کسی گرل فرینڈ کو نہیں دینا چاہتے۔ انھیں تلاش ہے اپنے ایک خاص فین کی۔
سلمان نے حال ہی میں بتایا ’فلم باڈی گارڈ کے وقت مجھے یہ پتہ چلا کہ میرا ایک فین ہے جو 18-20 کلومیٹر کا سفر پیدل طے کر کے میری فلمیں دیکھنے جاتا ہے۔ اپنے ساتھ پھل سبزیاں لے جاتا ہے اور ٹکٹ والے سے کہتا ہے کہ ہمیں ٹکٹ دے دو اور بدلے میں یہ سبزی لے لو۔ میں بہت دنوں سے اسے ڈھونڈ رہا ہوں لیکن ابھی تک وہ مجھے ملا نہیں ہے۔ جیسے ہی ملے گا میں اسے یہ موٹر بائیک دینا چاہوں گا‘۔
قطرینہ کی خوبصورتی

،تصویر کا ذریعہ
اگرآپ قطرینہ کیف کی خوبصورتی کے دیوانے ہیں تو یہ سمجھ لیجیے کہ اس رنگ روپ کے پیچھے بہت محنت ہے۔
حال ہی میں ایک کاسمیٹک برانڈ کی پروموشن کے موقع پر جب قطرینہ سے ان کی بے حد خوبصورتی کا راز پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’یقین جانیے اس پر بہت محنت کرنی پڑتی ہے۔ اگر آپ اپنا خیال رکھتے ہیں، اپنے وجود اور شخصیت کی عزت کرتے ہیں تو آپ چاہے جیسے کپڑے پہنیں یا بال رکھیں، آپ خوبصورت ہی دکھائی دیں گی۔ میرے خیال میں اس میں کوئی بڑی بات نہیں‘۔
اس سادگی پہ کون نہ مرجائے اے خدا!
شادی کے سائیڈ ایفیکٹس

،تصویر کا ذریعہbhaag milkha bhaag
فرحان اختر کی فلم کا انتظار کرنے والے جلد ہی انھیں دیکھیں گے ’شادی کے سائیڈ ایفیکٹس میں‘۔ لیکن فرحان خود نہیں مانتے کہ کہ ان کی ذاتی زندگی میں شادی کے کوئی ’سائیڈ ایفیکٹس‘ ہیں۔
نامہ نگاروں سے پچھلے دنوں بات کرتے ہوئے فرحان نے کہا ’یہ بہت ذاتی نوعیت کا تجربہ ہے۔ کچھ لوگ شادی شدہ زندگی میں صرف اچھائیاں دیکھنا چاہتے ہیں اور کچھ لوگ برائیوں پر دھیان دیتے ہیں۔ جہاں تک میری بات ہے میں اپنی شادی سے بہت خوش ہوں۔ میرے لیے شاید یہی سائید ایفیکٹس ہیں‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شادی کے سائیڈ ایفیکٹس میں فرحان پہلی بار ودیا بالن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
سنہ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھاگ ملکھا‘ میں فرحان نے لیڈ رول ادا کیا تھا۔ ان کے رول کی کافی تعریف ہوئی تھی اور اس فلم کو کئی ایوارڈز بھی ملے۔
کار شو میں فلمی ستارے

،تصویر کا ذریعہAFP
ان دنوں دہلی کے نواحی شہر نوئڈا میں آٹو شو جاری ہے۔ پوری دنیا کی بڑی بڑی کمپنیاں اپنی گاڑیوں کے نئے نئے ماڈلز کی نمائش کر رہی ہیں۔ شو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ ٹوٹ پڑی ہے لیکن وہ کاریں دیکھنے کم اور فلمی ستارے دیکھنے زیادہ آتے ہیں۔
اس کار شو میں رنبیر کپور، جان ابراہم، پریانکا چوپڑہ اور کرینہ کپور جیسے بڑے بڑے سٹارز گاڑیوں کی پروموشن کے لیے آئے۔ ان ایکٹرز کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مداحوں کو گھنٹوں تک صرف کاریں دیکھنی پڑتی ہیں۔
پرینیتی چوپڑا کے اونچے ستارے

کچھ دنوں پہلے تک بالی وڈ کی پہلے نمبر کی ہیروئن کہی جانے والی پریانکا چوپڑا کے آج کل دن اچھے نہیں چل رہے۔ لیکن ان کی کزن سسٹر پرینیتی چوپڑا کی نئی فلم ’ہنسی تو پھنسی‘ میں ان کے کردار کی تعریف ہو رہی ہے۔
پریانکا چوپڑا آج کل اپنا زیادہ وقت فلموں کی شوٹنگ کے بجائے کاروں، ملبوسات اور زیورات وغیرہ کی پروموشن کے لیے دے رہی ہیں۔
شاہ رخ کے لیے آسان ڈانس

،تصویر کا ذریعہRa one
شار رخ فرح خان کی فلم ’نیکسٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کے بعد اب رفتہ رفتہ ٹھیک ہو رہے ہیں۔ فی الحال انھوں نے شوٹنگ سے بریک لے رکھی ہے اور وہ پیر سے دوبارہ شوٹنک شروع کریں گے۔
کوالا لمپور میں آئندہ دنوں ان کا ایک ڈانس پروگرام ہے اور ان کے کوریوگرافر فکر مند ہیں کہ ان سے کس طرح کا ڈانس کرایا جائے تاکہ شاہ رخ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
شاہ رخ کو اس ڈانس پروگرام میں رانی مکھرجی اور مادھوری ڈکشت کے ساتھ پرفارم کرنا ہے اور کوریو گرافر اس وقت شاہ رخ کے لیے ایک آسان ڈانس کے سٹیپس تیار کر رہے ہیں۔







