شعلے دیکھنے کا مشورہ، کوہلی اور انوشکا کی نزدیکیاں

سلمان کا مداحوں کو ’شعلے‘ دیکھنے کا مشورہ

فلم شعلے کا تھری ڈی ورژن نئے سال کے موقعے پر ریلیز کیا گیا
،تصویر کا کیپشنفلم شعلے کا تھری ڈی ورژن نئے سال کے موقعے پر ریلیز کیا گیا

بالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک فلم ’شعلے‘ کے ہدایت کار رمیش سپی کی تمام تر کوششوں کے باوجود فلم کا تھري ڈي ورژن ریلیز ہو ہی گيا۔

فلم ناقد کومل نہاٹا کے مطابق فلم کو بہترین طریقے سے تھري ڈي میں تبدیل کیا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے کہا ہے کہ فلم میں کچھ ہی سین ایسے ہیں جہاں تھري ڈي ٹیکنالوجی کا لطف آتا ہے۔

انھوں نے کہا ’ناظرین کو اس ٹیکنالوجی کا مزہ سب سے زیادہ اس وقت آتا ہے جب فلم میں ایکشن ہو رہا ہو یا کوئی چیز براہ راست اڑتی ہوئی منہ کے سامنے آ جاتی ہو۔‘

دوسری جانب سلمان خان نے اس فلم کو تمام فلموں کے ’دادا‘ سے تعبیر کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے اسے دیکھنے کی تلقین کی ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں انھوں نے لکھا ’شعلے تمام فلموں کا دادا ہے۔ اس میں امیت جی، دھرم جی، سنجیو کمار، ہیما جی، امجد خان، جیا جی، اسرانی جی، جگدیپ جی اپنے بہترین انداز میں نظر آتے ہیں اسی لیے میرے مداح سینما جائيں اور جا کر اسے دیکھیں۔‘

انھوں نے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کہا ’یہ ایک ٹرینڈ سیٹر فلم ہے، اس کا تجربہ حاصل کریں۔ جس طرح اس کی فلم بندی ہوئی اور اس کی ہدایتکاری کی گئی ہے وہ ایک سفر ہے۔‘

’ہیپی نیو ایئر‘ کا پوسٹر لانچ

اس فلم میں دیپکا پاڈوکون، ابھیشیک بچن، سونو سود، بومن ایرانی اور نصیر الدین شاہ کے بیٹے ووان شاہ بھی اہم کردار میں نظر آئيں گے
،تصویر کا کیپشناس فلم میں دیپکا پاڈوکون، ابھیشیک بچن، سونو سود، بومن ایرانی اور نصیر الدین شاہ کے بیٹے ووان شاہ بھی اہم کردار میں نظر آئيں گے

نئے سال کے موقعے پر شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کا پہلا پوسٹر لانچ کر دیا گیا۔

یہ فلم اس سال 23 اکتوبر کو دیوالی کے موقعے پر ریلیز ہو گی۔

اس فلم کی ہدایت کار فرح خان ہیں جو اس سے قبل شاہ رخ کے ساتھ ’میں ہوں نہ‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ جیسی فلمیں بنا چکی ہیں۔

یہ دونوں فلمیں سپر ہٹ رہی تھیں اور ان دونوں کی جوڑی کو بالی وڈ میں کامیاب جوڑی تصور کیا جاتا ہے۔

اس فلم کو شاہ رخ خان کی کمپنی ریڈ چیلیز بنا رہی ہے۔

فلم میں دیپکا پاڈوکون، ابھیشیک بچن، سونو سود، بومن ایرانی اور نصیر الدین شاہ کے بیٹے ووان شاہ بھی اہم کردار میں نظر آئيں گے۔

کیا جان ابراہم شادی شدہ ہیں؟

پریہ رنچل سے پہلے اداکار جان ابراہم کا اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ کافی لمبا تعلق رہا تھا
،تصویر کا کیپشنپریہ رنچل سے پہلے اداکار جان ابراہم کا اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ کافی لمبا تعلق رہا تھا

بالی وڈ کے معروف اداکار جان ابراہم نے نئے سال کے موقعے پر اپنے مداحوں کو ایک چونکا دینے والی خبر دی ہے۔

صبح چار بجکر تین منٹ پر جان نے ٹوئٹر پر اپنے تمام مداحوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’آپ سب اور آپ کے خاندان والوں کو سنہ 2014 بہت بہت مبارک ہو۔ یہ سال آپ کی زندگی میں محبت اور ڈھیر ساری خوشیاں لائیں۔ جان اور پریہ ابراہم

جان کے اس ٹویٹ کے بعد یہ مسئلہ ذرا پیچیدہ ہو گیا ہے کہ آیا جان ابراہم نے طویل عرصے تک اپنی گرل فرنڈ رہنے والی پریہ رنچل باضابطہ شادی تو نہیں کر لی ہے؟

واضح رہے کہ پریہ رنچل سے پہلے اداکار جان ابراہم کا اداکارہ بپاشا باسو کے ساتھ کافی لمبا تعلق رہا تھا۔

کوہلی اور اداکارہ انوشکا کی نزدیکیاں

وراٹ کوہلی اور انوشكا شرما ایک شیمپو کے اشتہار میں ایک ساتھ نظر آتے ہیں
،تصویر کا کیپشنوراٹ کوہلی اور انوشكا شرما ایک شیمپو کے اشتہار میں ایک ساتھ نظر آتے ہیں

انٹرٹینمنٹ کی دنیا کی خبروں کے مطابق بھارت کے معروف کرکٹر وراٹ کوہلی اور اداکارہ انوشكا شرما کے نزدیک آ رہے ہیں۔

اگرچہ انوشكا نے کبھی بھی کھل کر یہ بات تسلیم نہیں كی ہے لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم جیسے ہی جنوبی افریقہ کے دورے سے واپس ممبئی پہنچی تو وراٹ کوہلی مبینہ طور پر ایئر پورٹ سے سیدھے انوشكا سے ملنے ان کے گھر پہنچے۔

اطلاعات کے مطابق انوشكا نے وراٹ کوہلی کے لیے اپنی کار ایئر پورٹ بھیجی تھی۔ وراٹ کوہلی اور انوشكا شرما ایک شیمپو کے اشتہار میں ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔