رانی مکھرجی کی شادی صیغۂ راز میں ہے

بالی وڈ میں اگر طویل عرصے سے اب کسی ممکنہ شادی کے بارے میں چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں تو وہ معروف اداکارہ رانی مکھرجی اور فلم ساز آدتیہ چوپڑہ کی شادی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں کے درمیان طویل عرصے سے قربتوں کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔
مبینہ طور پر آدتیہ چوپڑہ اور ان کی اہلیہ پایل کے درمیان طلاق کی وجہ رانی مکھرجی سے ان کی دوستی ہے۔ رانی مکھرجی معروف فلم ساز چوپڑہ خاندان کی ہر تقریب میں نظر آتی ہیں۔
اب انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے آنے والی خبروں کے مطابق سنہ 2014 کے ماہ فروری میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔
ان دونوں کی شادی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کیجریوال سے انیل کپور متاثر

دہلی اسمبلی کے انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رہنما اروند کیجریوال اور ان کی عام آدمی پارٹی سے بالی ووڈ بھی خاصا ’متاثر‘ ہے۔
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ بننے والے کیجریوال سے متاثر ہوکر بالی وڈ کے معروف اداکار انل کپور اپنی ہی فلم ’نایک‘ کے سيكوئل کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
سنہ 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نایک‘ میں انیل کپور نے ایک ایسے شخص کا کردار نبھایا تھا جسے ایک دن کے لیے وزیر اعلیٰ بننے کا موقع ملتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انیل کے مطابق کیجریوال کی جیت سے فلم لکھنے والوں کو فلم کی کہانی پرونے میں مدد ملے گی۔
’نایک 2‘ کی کہانی پر ابھی کام چل رہا ہے۔ فلم کی شوٹنگ 2015 میں شروع ہو گی۔
نوازالدین اداکاری سے فلم سازی کی جانب

’گینگز آف واسع پور،‘ ’کہانی‘ اور ’لنچ باكس‘ جیسی فلموں سے اپنی اداکاری کا جوہر دکھانے والے اداکار نوازالدین صدیقی اب پروڈیسر بن گئے ہیں۔
نوازالدین نے اپنے بھائی شمس الدین کی فلم ’میاں کل آنا‘ کی فلم بندی کا کام شروع کر دیا ہے۔ فلم کو اتر پردیش کے ایک چھوٹے سےگاؤں میں شوٹ کیا گیا ہے۔
فلم گاؤں میں رہنے والی خواتین کے حالات کو بیان کرتی ہے جہاں انھیں اپنے ذاتی قسم کے فیصلے لینے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔







