وینزویلا کی گیبریلا نئی مس یونیورس منتخب

وینزویلا سے تعلق رکھنے والی گیبریلا اسلر نے ماسکو میں ہونے والا مس یونیورس کا مقابلہ جیت لیا ہے۔
پچیس سالہ گیبریلا اسلر وینزویلا میں ٹی وی پریزینٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔
گیبریلا اسلر نے مس یونیورس کے مقابلے میں چھیاسٹھ حسیناؤں کو شکست دی۔
روس کے دارالحکومت ماسکو کے كركس سٹی ہال میں سنیچر کو ہونے والے اس مقابلے کو دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب افراد نے ٹی وی پر براہِ راست دیکھا۔
گزشتہ سال کی مس یونیورس امریکہ کی اولیویا كلپو نے گیبریلا اسلر کو فتح کا تاج پہنایا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مس یونیورس کا خطاب جیتنے والی گیبریلا اسلر وینزویلا کی ساتویں خاتون ہیں۔
مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے کے بعد گیبریلا اسلر نے کہا ’ اس وقت میرے بہت زیادہ جذبات ہیں جن کی میں وضاحت نہیں کر سکتی، میں خوشی سے کانپ رہی ہوں اور ابھی تک صدمے میں ہوں۔‘
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس نکولس مدورو نے ٹوئٹر پر گیبریلا اسلر کی جیت کو وینزویلا کی فتح قرار دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وینزویلا میں حزب اختلاف کے رہنما ہنریک کاپرائلز نے بھی ٹوئٹر پر گیبریلا اسلر کو مبارکباد دی۔
گزشتہ سال اس مقابلے کا انعقاد امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں کیا گیا تھا۔
مس یونیورس سنہ 2013 کے مقابلے میں آذربائیجان پہلی بار شامل ہوا۔







