ابوظہبی کی مسجد کے باہر ریانا کی’قابلِ اعتراض‘ تصویریں

بیان میں کہا گیا ہے گلوکارہ ریانا کو نامناسب تصاویر لینے کے بعد مسجد سے نکل جانے کا کہا گیا
،تصویر کا کیپشنبیان میں کہا گیا ہے گلوکارہ ریانا کو نامناسب تصاویر لینے کے بعد مسجد سے نکل جانے کا کہا گیا

ابوظہبی میں حکام نے پاپ سٹار ریانا کو ابو ظہبی کمپلیکس کے باہر قابِل اعتراض فوٹو شوٹ کروانے پر مسجد سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ گلوکارہ ریانا نے فوٹو شیئرنگ سائٹ انسٹاگرام پر کالے جمپ سوٹ میں ملبوس تصاویر ٹویٹ کی تھیں۔

ابو ظہبی کی شیخ زید جامع مسجد کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے گلوکارہ ریانا کو ’نامناسب تصاویر بنوانے‘ کے بعد مسجد سے نکل جانے کا کہا گیا۔

گلوکارہ ریانا کی پبلسٹی ٹیم نے اس حوالے سے ابھی تک کسی ردِ عمل کا اظہار نہیں کیا۔

بیان کے مطابق یہ تصاویر مسجد کا دورہ کرنے کے لیے پہلے سے موجود شرائط پر پورا نہیں اترتی تھیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 25 سالہ گلوکارہ ریانا سب سے پہلے اس دروازے سےاندر داخل ہوئیں جس سے مسجد کا دورہ کرنے والے والوں کو اجازت نہیں ہے۔

مسجد کے حکام نے انھیں کہا کہ وہ درست دروازے سے مسجد میں داخل ہوں اور شرائط کے تحت مسجد کا دورہ کریں۔

حکام نے قابلِ اعتراض تصاویر بنوانے پر مسجد سے نکل جانے کا حکم دیا۔

بیان میں یہ دعویٰ بھی کہا گیا ہے کہ گلوکارہ ریانا نے مسجد کی انتظامیہ کے تعاون کے بغیر مسجد کا دورہ کیا۔

ایک تصویر میں پاپ سٹارمسجد کے صحن میں کمر کے بل لیٹی ہوئی ہیں۔

یہ مسجد سیاحوں کے لیے بہت دلچسپی کا مرکز رہتی ہے اور اس میں غیر مسلموں کو بھی آنے کی اجازت ہے۔گزشتہ برس اس مسجد کو دیکھنے کے لیے تیس لاکھ سے زیادہ سیاح آئے تھے۔

ریانا نے سنیچر کو متحدہ عرب امارات میں لائیو پرفام کیا تھا۔