ٹیکس تنازع پر ہالی وڈ اور چین میں معاہدہ

ہالی وڈ اسٹوڈیوز نے کہا ہے کہ سال کی بعض بہترین ہٹ فلموں کی فیس کی ادائیگی کے سلسلے میں چینی حکام سے ان کا معاہدہ ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ رقم کی ادائيگی دو فی صد اضافی ٹیکس کے تنازع کے بعد روک دی گئی تھی۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ’مین آف اسٹیل‘ اور ’اسکائی فال‘ جیسی فلموں کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی ادائیگی باقی ہے۔
امریکہ کے موشن پکچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ چینی حکومت نے تنازع میں مداخلت کی ہے اور ’اب تمام رقم ادا کر دی جائے گی‘۔
امریکی تنظیم کا کہنا ہے کہ رقم کی ادائیگی جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چین میں حکومت کے زیر نگرانی بیرونی فلموں کی ریلیز کی ذمہ دار فلم ڈسٹریبیوٹر چائینا فلم گروپ نے ان رقوم کی ادائیگی کو روک رکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہالی وڈ اسٹوڈیوز کی فلموں کی ٹکٹ کے فروخت سے ہونے والی کمائی میں سے دو فی صد ویلیو ایڈڈ ٹیکس مزید کے طور پر کاٹنا چاہتے تھے۔
جبکہ امریکی اسٹوڈیوز کا کہنا ہے کہ یہ اضافی ٹیکس ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے ضابطوں کی خلاف ورزی ہے کیونکہ ان کے مطابق انہیں چین میں باکس آفس کی کمائی کا 25 فی صد بغیر کسی مزید کٹوتی کے ملنا چاہیے۔
ہالی وڈ رپورٹر میگزین کے مطابق انہیں اکتوبر اور نومبر سے کمائی کا حصہ ادا نہیں کیا گیا ہے اور اندازے کے مطابق یہ رقم قریب دو سو ملین ڈالر ہوگی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکہ کے موشن پکچر ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ سال 2012 میں چینی باکس آفس کی آمدنی میں 36 فی صد اضافہ کے ساتھ اس کی آمدنی دو ارب 27 کروڑ ڈالر پہنچ گئي تھی اور اس طرح یہ دنیا میں فلموں کا دوسرا سب سے بازار بن گیا اور ہالی وڈ کی فلموں کے لیے اس بازار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
کمائی میں یہ اضافہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے ایک معاہدے کے تحت سامنے آیا ہے جو امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور چین کے اس وقت کے نائب صدر شی جنپنگ کے درمیان ہوا تھا۔ اس کے تحت چین نے اپنے ملک میں بیرونی فلموں کی تعداد میں اضافے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
اب چین میں دوسرے ممالک کی 34 فلموں کی نمائش کی جا سکتی ہے۔
اس معاہدے کے بعد بیرونی سٹوڈیوز کو ٹکٹ کی فروخت کا 25 فی صد ادا کیا جانا تھا۔ پہلے یہ رقم 13 اور 17 فی صد کے درمیان ہوا کرتی تھی۔
چینی ناظرین کو متوجہ کرنے کے لیے ڈزنی نے آئرن مین3 کا مخصوص ورژن جاری کیا تھا جس میں زیادہ سین تھے اور کہانی میں ذرا تبدیلی کرتے ہوئے ایک نئے کردار کو شامل کیا گیا تھا۔







