کیٹی پیری نو ایوارڈز کے لیے منتخب

وڈیو میوزک ایوارڈز اٹھائیس اگست کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ہوں گے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنوڈیو میوزک ایوارڈز اٹھائیس اگست کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ہوں گے

امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اس سال کے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز میں نو ایوارڈز کے لیے منتخب ہوئی ہیں۔

گلوکارہ کو ان کے گانے فائر ورک کے لیے سال کے بہترین میوزک ویڈیو سمیت بہترین پوپ ویڈیو اور بہترین سپیشل ایفیکٹس کے ایوارڈز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ برطانوی گلوگارہ اڈیل اور کائنی ویسٹ کو سات سات ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر نامزد ہونے والے گلوکاروں میں لیڈی گاگا، بیونسے اور برونو مارز شامل ہیں۔

ویڈیو میوزک ایوارڈز اٹھائیس اگست کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ہوں گے اور براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

کیٹی پیری، جن کی پچھلے سال مزاح کار رسل برینڈ سے شادی ہوئی تھی، بہترین زنانہ ویڈیو، بہترین شرکت اور بہترین ہرکت نگاری کے ایوارڈز کے لیے بھی نامزد ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’میں نو ایوارڈز کے لیے منتخب ہوئی ہوں۔ مجھے لگا ایوارڈ دینے والوں سے غلطی ہو گئی ہے۔‘

’اتنی مرتبہ میں کبھی کسی چیز کے لیے منتخب نہیں ہوئی۔‘

بہترین میوزک ویڈیو کے ایوارڈ کے لیے کیٹی پیری کا مقابلہ اڈیل، مارز، دی بیسٹی بوئز اور ٹائلر دی کری ایٹر سے ہوئے گا۔

بہترین میوزک ویڈیو کے ایوارڈ کو تقریب کا سب سے بڑا ایوارڈ مانا جاتا ہے۔