’اوتار‘ سال کی سب سے پائریٹڈ فلم

’اوتار‘ نے دنیا بھر میں دو ارب اسّی کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا
،تصویر کا کیپشن’اوتار‘ نے دنیا بھر میں دو ارب اسّی کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا

ایک فائل شیئرنگ بلاگ کے مطابق سنہ 2010 میں جس فلم کی سب سے زیادہ نقول تیار کی گئیں وہ سائنس فکشن فلم ’اوتار‘ تھی۔

ٹورنٹ فریک کے مطابق جیمز کیمرون کی یہ سائنس فکشن فلم صرف ایک فائل شیئرنگ ویب سائٹ سے ایک کروڑ چھیاسٹھ لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئی۔

اس فہرست میں دوسرا نام کامک بک ایکشن پر مبنی فلم ’کک ایس‘ کا ہے جو ایک کروڑ چودہ لاکھ مرتبہ ڈاؤن لوڈ ہوئی جبکہ تیسرا نمبر لیونارڈو ڈی کیپریو کی فلم ’انسپشن‘ کا ہے جس کی نقول ستانوے لاکھ مرتبہ تیار کی گئیں۔

گزشتہ برس سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی فلم سٹار ٹریک ری بوٹ تھی جسے تقریباً گیارہ ملین بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا تھا۔

’اوتار‘ کے خالق جیمز کیمرون بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ تھری ڈی فلمیں پائریسی کے خلاف فلمی صنعت کی بہترین امید ہیں لیکن خود ان کی تھری ڈی فلم ہی اس سال سب سے زیادہ مرتبہ غیرقانونی طور پر ڈاؤن لوڈ ہوئی۔

اس غیر قانونی ڈاؤن لوڈنگ کے باوجود ’اوتار‘ نے دنیا بھر میں دو ارب اسّی کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا اور یہ فلمی تاریخ کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی ہے۔

بہترین فلم کا آسکر انعام جیتنے والی فلم ’ہرٹ لاکر‘ بھی اس فہرست میں نویں درجے پر موجود ہے۔ اگرچہ یہ فلم فائل شیئرنگ ویب سائٹ پر 2009 کے دوران بھی موجود تھی لیکن اس کی مقبولیت میں اس وقت اضافہ ہوا جب اس نے چھ آسکر انعام جیتے۔

حیران کن طور پر اس فہرست میں سنہ 2010 کی دو کامیاب ترین فلمیں، ٹوائے سٹوری تھری اور ایلس ان ونڈرلینڈ شامل نہیں ہیں۔

ٹورنٹ فریک کے مطابق یہ اعدادوشمار کئی ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں جن میں ہزاروں بٹ ٹورنٹ ٹریکرز بھی شامل ہیں۔