بیٹلز کی البمز آئی ٹیونز پر

کئی برس تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد بالاخر دنیا کے مقبول ترین بینڈ بیٹلز کی البمز اب آئی ٹیونز پر دستیاب ہوں گی۔
آئی ٹیون سٹور کی مالک کمپنی ’ایپل‘ اور ریکارڈ لیبل ای ایم آئی کے درمیان ان البمز کو دنیا کے سب سے بڑے آن لائن میوزک سٹور پر فروخت کے لیے پیش کرنے کے سلسلے میں کئی برس سے بات چیت جاری تھی۔
ایپل کے چیف ایگزیکٹو اور بیٹلز کے مداح سٹیو جابز کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک طویل اور پرپیچ سفر تھا۔ ہم بیٹلز سے محبت کرتے ہیں اور انہیں آئی ٹیونز پر خوش آمدید کہتے ہیں‘۔
بیٹلز گروپ کے رکن سر پال میکارٹنی نے بھی اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ دیکھنا انتہائی شاندار ہے کہ ہم نے جو گانے وینائل پر ریلیز کیے تھے وہ آج کی ڈیجیٹل دنیا میں بھی اتنے ہی پسند کیے جا رہے ہیں جتنے وہ ابتداء میں کیے گئے تھے‘۔
خیال رہے کہ بیٹلز کا میوزک لیبل ایپل کارپوریشن اور کمپیوٹر بنانے والے ادارے ایپل کے درمیان جملہ حقوق کے حوالے سے کئی برس تک تنازعہ جاری رہا تھا اور یہ معاملہ سنہ 2007 میں جا کر حل ہوا تھا۔
بیٹلز گروپ کی بنیاد قریباً پچاس برس قبل رکھی گئی تھی اور اس کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے برانڈز میں ہوتا ہے۔
نیلسن ساؤنڈ سکین رپورٹ کے مطابق گزشتہ دہائی کے دوران بیٹلز کے تین کروڑ البمز فروخت ہوئی ہیں جبکہ ای ایم آئی کے مطابق ایک ارب البمز کی فروخت کے ساتھ بیٹلز اس وقت موسیقی کی تاریخ کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والا بینڈ ہیں۔



