پاک فنکار کیوں؟ کلر چینل بلاک

وینا ملک
،تصویر کا کیپشنشیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے شو میں پاکستانی فنکاروں کو شامل کرنے پر اسے ہندستانیوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا تھا
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے جنوبی علاقوں اور تھانے کے تمام کیبل آپریٹرز نے شام چھ بجے سے ہی کلرز چینل کو بلاک کر دیا جن پر بگ باس کا ریالٹی شو شروع ہوتا ہے جن میں دو پاکستانی فنکار حصہ لے رہے ہیں۔

کلرز پر بگ باس سیزن فور کا ریالٹی شو شروع ہوتا ہے اور مہاراشٹر کی ہندو انتہا پسند سیاسی تنظیم شیوسینا شروع سے ہی بگ باس میں دو پاکستانی فنکاروں کی شمولیت کی مخالفت کر رہی ہے۔ان فنکاروں میں علی سلیم اور وینا ملک شامل ہیں۔

جنوبی ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں شام سے ہی کلرز چینل کو بلاک کیا گیا۔ مضافات کے ایک کیبل آپریٹر مہادیو کھوت نے بی بی سی کو بتایا کہ چینل کو ’اوپر‘ سے ہی بلاک کیا گیا ہے اس لیے وہ کچھ نہیں کر سکتے۔

ممبئی میں بی بی سی کی نامہ نگار ریحانہ بستی والا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کیبل آپریٹرز کو مبینہ طور پر شیوسینا کی طرف سے کلرز چینل نہ دکھانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اور چونکہ شیوسینا کی جانب سے تشدد کا خطرہ تھا اس لیے چینل والوں نے چینل کو بلاک کرنے ہی میں اپنی عافیت محسوس کی۔

کلرز چینل کےترجمان کے مطابق شیوسینا کی جانب سے انہیں بھی دھمکی دی گئی تھی کہ وہ پاکستانی فنکاروں کو شو سے باہر نکالیں لیکن جب چینل نے ان کی جانب دھیان نہیں دیا تو انہوں نے یہ طریقہ اپنایا ہے۔

بگ باس ریالٹی شو کی شوٹنگ ممبئی سے ایک سو بیس کلومیٹر دور پہاڑی مقام لوناولہ میں ہو رہی ہے۔ شیوسینا نے وہاں بھی پروگرام روکنے کی بہت کوشش کی۔ پیر گیارہ اکتوبر کو شیوسینا نے وہاں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ شیوسینا کے کچھ ورکروں نے پاکستان کا پرچم جلانے کی بھی کوشش کی تھی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا تھا۔

لوناولہ پولیس سٹیشن کے کانسٹبل شندے کے مطابق اس وقت حالات وہاں نارمل ہیں لیکن پیر کے ہنگامے کی وجہ سے پولیس نے دو سو پچاس افراد کو حراست میں لیا تھا جنھیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔

شیوسینا کا کوئی بھی لیڈر اس سلسلہ میں بات کرنے سے گریز کر رہا ہے۔ شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے شو میں پاکستانی فنکاروں کو شامل کرنے پر اسے ہندستانیوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ قرار دیا تھا اور شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے نے بھی دھمکی تھی کہ وہ یہ شو چلنے نہیں دیں گے۔

ماضی میں بھی شیوسینا پاکستانی فنکاروں کے خلاف مظاہرے کرتی رہی ہے۔