اے آر رحمٰن کو گریمی ایوارڈ

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
ہندوستان کے نامور موسیقار اللہ رکھا رحمٰن نے عالمی موسیقاروں پر ایک بار پھر بازی مار لی اور گریمی ایوارڈز میں دو ایوارڈ حاصل کر لیے۔
موسیقی کی دنیا میں گریمی ایوارڈز کی کافی اہمیت ہے اور رحمٰن نے عالمی سطح کے موسیقاروں کو شکست دے کر اسے حاصل کیا ہے۔ ساؤنڈ ٹریک موسیقی میں رحمٰن نے سٹیو جارڈن کو اور بہترین نغمے کے زمرے میں بروس سپرنگسٹن کے گیت ’دی ریسلر‘ کو شکست دی۔
اے آر رحمٰن کو یہ دونوں ایوارڈ فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی موسیقی کے لیے دیا گئے ہیں۔ اس سے قبل اسی فلم کی موسیقی کے لیے رحمن کو گولڈن گلوب اور دو اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
رحمٰن کو گریمی ایوارڈز میں دو زمروں بیسٹ کمپائلیشن ساؤنڈ ٹریک موشن پکچرز اور جے ہو کے بیسٹ موشن پکچر گیت میں نامزدگی حاصل ہوئی تھی اور رحمن نے ان دونوں زمروں میں ایوارڈ حاصل کر لیے۔
امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقدہ ایوارڈز کی تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد وطن لوٹنے پر رحمٰن نے کہا کہ ’یہ دیوانگی کی حد ہے، خدا عظیم ہے۔‘ انہوں نے اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دعاؤں اور آپ کے پیار کے لیے شکریہ ۔ خدا آپ پر مہربان ہو۔‘
چوالیس سالہ موسیقار رحمٰن کے اس اعزاز پر موسیقار پیارے لال نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران کہا کہ جس وقت رحمٰن کو آسکر ایوارڈ ملا تھا اسی وقت میں نے کہہ دیا تھا کہ انہیں گریمی ایوارڈ ملنا چاہیے اور بھگوان نے سن لیا۔
پیارے لال کےمطابق رحمن کی وجہ سے ہندستان کا نام روشن ہوا ہے۔ رحمٰن کا پورا گھرانہ موسیقی سے جڑا ہے۔ اور رحمٰن نے اپنے ورثاء کے اس خزانے کو جدید انداز میں ایک نیا روپ دیا۔ ان کی جدت پسندی نے آج انہیں دنیا بھر میں مقبول کر دیا۔
پیارے لال نے استاد ذاکر حسین خان اور سرود نواز امجد علی خان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق گریمی ایوارڈز میں ان کی نامزدگی اس بات کی گواہی ہے کہ اب دنیا نے ہندوستانی جدید اور کلاسیکی دونوں طرح کی موسیقی کو پہچانا ہے اور ہمارے موسیقار دنیا میں چھا گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنے وقت کے نامور موسیقار خیام نے بی بی سی سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حالانکہ خوشی ہے کہ رحمٰن کو یہ ایوارڈ ملا لیکن ان کے مطابق فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی موسیقی سے زیادہ انہیں ان کی فلم ’لگان‘ اور ’جودھا اکبر‘ کی موسیقی اچھی لگی تھی۔
خیام ابھی بھی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے نام سے ناراض ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس طرح ہمارے غریب بھائیوں کو دنیا میں بے عزت کیا گیا ہے۔ فلم کا ٹائٹل کچھ اور ہونا چاہئے تھا۔
رحمٰن نے فلم ’روجا‘ سے اپنا بالی وڈ کا سفر شروع کیا تھا۔ فلم کی موسیقی کو بہت پسند کیا گیا تھا اس کے بعد ’رنگیلا‘، ’تال‘، ’لگان‘ ، ’جودھا اکبر‘ جیسی کئی کامیاب فلموں میں انہوں نے موسیقی دی۔ فلم سلم ڈاگ کے نغموں نے عالمی موسیقی کے چارٹ پر اپنا نام درج کروا لیا اور اب گلزار کا لکھا اور رحمن کی موسیقی کا نغمہ ’جےہو‘ ایک طرح سے بین الاقوامی گیت بن گیا ہے۔
اے آر رحمٰن کے علاوہ دس کیٹیگریز میں نامزد ہونے والی پاپ سٹار بیونسے کو چھ گریمی حاصل ہوئے۔ ان میں اس برس کے بہترین نغمے کا گریمی بھی شامل ہے جو انہیں ’پٹ آ رنگ آن اٹ‘ کے لیے دیا گیا ہے۔







