شوازنیگر پھر ’ٹرمینیٹر‘ بن گئے

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گورنر آرنلڈ شوازنیگر ٹرمینیٹر کے سلسلے کی نئی فلم میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ مگر یہ سب ٹیکنالوجی کا کمال ہے۔
بے حد مصروف رہنے کی وجہ سے شوازنیگر ٹرمینیٹر سلسلے کی نئی فلم ’ٹرمینیٹر سالویشن‘ میں کام نہیں کر سکے اس لیے سنہ چوراسی میں ان کی اصل فلم سے، جس میں انہوں نے قاتل روبوٹ کا کردار ادا کیا تھا، ان کی تصویر لے کر اس نئی فلم میں استعمال کی گئی۔
اِکسٹھ سالہ گورنر اور اداکار کی اس فلم میں موجودگی کی تصدیق لاس اینجلس میں فلم کی پریس سکریننگ کے دوران ہوئی۔
شوازنیگر نے کہا تھا کہ وہ اس بات سے خوش ہیں کیونکہ اس سے ان کے اداکاری کے میدان میں دوبارہ سے آنے کا امکان زندہ رہتا ہے۔
ٹرمینیٹر سالویشن امریکہ میں اِکیس مئی اور برطانیہ میں تین جون کو نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔



