بالی وڈ ڈائری: جھانوی کپور کو کس کے خواب آتے ہیں اور پرینیتی نے رنبیر کپور کی فلم کیوں ٹھکرائی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
’مجھے اس وقت تک نیند نہیں آتی جب تک لفظ ’ایکشن‘ نہ سُن لوں۔ سونے کے بعد بھی خواب میں کیمرہ دکھائی دیتا ہے اور فلم سیٹ نظر آتا ہے۔‘
یہ کہنا ہے اداکارہ جھانوی کپور کا جن کا مؤقف ہے کہ بالی وڈ میں نوجوان اداکاراؤں پر کافی دباؤ ہوتا ہے کہ انھیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔ لیکن ان کے مطابق اس دباؤ کا اُن پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور وہ ہر طرح کے کردار کرنا چاہتی ہیں، خاص طور پر ایسے کردار جن کی اُن سے توقع تک نہیں کی جاتی۔
سوشل میڈیا کے بارے میں بات کرتے ہوئے جھانوی کا کہنا تھا کہ اداکاراؤں کو ہر بات پر جج کیا جاتا ہے مثلاً ’اس کا وزن بڑھ گیا یا پھر وہ زیادہ ہی دبلی پتلی ہے یا لباس کیسا پہنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال کچھ اس طرح کرنا چاہتی ہیں جس سے لوگوں میں یہ احساس پیدا ہو کہ وہ جیسے بھی ہوں، خوش اور مطمئن رہیں۔
عالیہ بھٹ کی فلم ’برہماستر‘

،تصویر کا ذریعہSAM PANTHAKY
فرنچائز فلموں کی کامیابی اور ناکامی کا تعلق باکس آفس پر اس کی کمائی سے تو ہوتا ہی ہے لیکن اس سے بھی اہم یہ کہ اس فلم کو سپانسر کرنے والے سٹوڈیوز یا او ٹی ٹی پلیٹ فارم اس فلم کے بارے میں کتنے پُراعتماد ہیں۔
ایان مکھرجی کے ساتھ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ’برہماستر‘ کی کامیابی دونوں سطح پر زبردست رہی۔
باکس آفس پر فلم نے کمائی تو کی ہی ساتھ ہی ڈزنی سٹوڈیوز نے بھی اس فلم کے سیکوئل کے لیے ’ہاں‘ کر دی ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق اب کرن جوہر کا دھرما پروڈکشن ’برہماستر ٹو‘ کا بجٹ تیار کر رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ فلم میں عالیہ اور رنبیر کے ساتھ دپیکا پاڈوکون اہم کردار میں ہوں گی۔
فلم کے لیے ریسرچ اور سکرپٹ پر کام جاری ہے اور اگلے سال کے آواخر میں فلم کی شوٹنگ شروع ہونے کی خبریں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دیوالی اور بالی وڈ

،تصویر کا ذریعہSEBASTIAN D'SOUZA
بالی وڈ میں دیوالی کی پارٹیاں شروع ہو چکی ہیں اور مختلف پارٹیوں میں شرکت کرنے والے ستاروں کی تصاویر بھی میڈیا میں گردش کر رہی ہیں لیکن ان تصویروں میں ایک ایسی تصویر بھی ہے جس پر سوشل میڈیا میں کافی تبصرے ہو رہے ہیں۔
اداکارہ کرشمہ کپور نے حال ہی میں ایشوریہ رائے کے ساتھ اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو لوگو ں کی دلچسپی کا سبب بن رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
یہ تصویر بالی وڈ کے مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترہ کی دیوالی پارٹی کی تھی۔ آپ کو یاد دلا دیں کہ کسی زمانے میں کرشمہ کپور اور ابھشیک بچن کئی سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرتے رہے تھے اور دونوں کی منگنی بھی ہوئی تھی جو 2003 میں نامعلوم وجوہات کے وجہ سے ٹوٹ گئی تھی۔
اس وقت جب ایک ویب پورٹل ’ریڈف‘ نے ابھشیک بچن سے کرشمہ کے ساتھ منگنی ٹوٹنے کے بارے میں سوال کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ یقیناً انھیں دکھ ہوا ہے کہ لیکن یہ ان کا ذاتی معاملہ اور ذاتی درد ہے اور کوئی بھی انھیں اس بارے میں بات کرنے پر مجبور نہیں کر سکتا اور یہ کہ ’میں صرف اپنے گھر والوں یا اپنے والدین کو جوابدہ ہوں۔‘
اس کے بعد سے کرشمہ یا بچن خاندان کے لوگ، خاص طور پر ایشوریہ اور ابھشیک اور کرشمہ کپور کبھی ساتھ نظر نہیں آئے تھے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایسی کوئی تصویر سامنے آئی ہے۔
پرینیتی نے رنبیر کپور کی فلم کیوں ٹھکرائی؟

،تصویر کا ذریعہNurPhoto
اداکارہ پرینیتی چوپڑہ کی فلم ’اونچائی‘ کا ٹریلر رواں ہفتے ریلیز ہوا ہے اور اس پر کافی اچھا ردِعمل سامنے آیا ہے۔
پرنیتی اس بات پر بہت خوش ہیں اور کیوں نہ ہوں، ان کے پاس کئی بڑی فلموں کے آفرز ہیں جس کی وجہ سے انھوں نے رنبیر کپور کے ساتھ ایک بڑی فلم کو ٹھکرا دیا ہے۔
ویب پورٹل ’انڈیا ٹو ڈے‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے پرینیتی کا کہنا تھا کہ ’یہ زندگی کا حصہ ہے اور ایسا ہوتا ہے، آپ کو اپنے لیے بہتر چیزوں کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔‘
اس کے بجائے پرینیتی نے کامیاب فلم ڈائریکٹر امتیاز علی کی فلم 'چمکیلا' سائن کی ہے۔ یہ فلم ایک پنجابی فوک سنگر امر سنگھ چمکیلا کی زندگی پر بنے گی۔
اُدھر رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ ہندی کے ساتھ ساتھ کئی زبانوں میں ریلیز ہو گی اور اب اس فلم میں پرینیتی کی جگہ جنوبی انڈیا کی اداکارہ رشمیکا مندنہ کو سائن کیا گیا ہے۔










