شوبز ڈائری: اداکار کبیر بیدی کی کتاب میں پروین بابی کا ذکر، سلمان نے شاہ رُخ کے لیے فلم چھوڑی اور کرینہ کپور کے پسند کے کھانے

،تصویر کا ذریعہMondadori Portfolio
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
‘پروین بابی کے ساتھ میری محبت میں شدت تھی لیکن یہ رشتہ انتہائی غیر مستحکم اور جذباتی تھا۔ میں نے اسے ذہنی بیماری کے سبب تکلیف سے گزرتا دیکھا۔‘
یہ الفاظ اداکار کبیر بیدی کے ہیں جنھوں نے اپنی کتاب ‘سٹوریز آئی مسٹ ٹیل‘ میں پروین بابی کے بارے میں تفصیل سے لکھے ہیں۔ یہ کہا جاتا ہے کہ 70 اور 80 کی دہائیوں میں انڈین فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی پروین بابی نے کبیر بیدی کی محبت میں اپنے شاندار کریئر کو چھوڑ دیا تھا۔
کبیر کہتے ہیں کہ ’شاید ان (پروین بابی) کے ذہنی مسائل کا تعلق ان کے بچپن سے تھا کیونکہ انھیں اپنے گھر کے اردگرد عمارتوں میں روحیں نظر آتی تھیں۔ ان عمارتوں کا تعلق پروین بابی کے خاندان کی تاریخ سے تھا جو پشتونوں کے بابی قبیلے سے تعلق رکھتی تھیں۔‘
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہMondadori Portfolio
ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے فریدون شہریار کے ساتھ زوم پر ایک انٹرویو میں پروین بابی کے بارے میں ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کبیر بیدی نے کہا کہ پروین کے ذہنی مسائل بہت پہلے شروع ہو چکے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’احمد آباد میں جب پروین بابی سینٹ زیویئر کالج میں پڑھتی تھیں تو ہندو مسلم فسادات کے دوران کالج کی میٹرن نے تمام مسلم لڑکیوں کو ایک ٹرک میں چھپا کر ان پر گدے رکھ دیے تھے تاکہ انھیں کوئی دیکھ نہ سکے۔ اس دوران غالباً پروین کو پہلا پینِک اٹیک آیا تھا۔‘
کبیر بیدی کا کہنا تھا کہ پروین بابی کو شفقت اور توجہ کی ضرورت تھی اور ان کے ساتھ رشتے کے دوران انھوں نے پروین کو محبت اور تحفظ دینے کی پوری کوشش کی لیکن اس رشتے میں اتنے اُتار چڑھاؤ آئے کہ یہ کامیاب نہیں ہو سکا اور پروین بابی جو ان کے ساتھ اٹلی منتقل ہو چکی تھیں، انھیں چھوڑ کر واپس ممبئی آگئیں۔
کبیر بیدی کا کہنا تھا ان کی واپسی پر میڈیا نے انھیں اس طرح ملزم قرار دینے کی کوشش کی جیسے انھوں نے پروین کو جذباتی طور پر توڑ کر رکھ دیا ہو اور وہ اپنے حواس کھو بیٹھیں ہوں۔
کبیر بیدی کے مطابق ان کے دل میں آج بھی پروین بابی کا ایک خاص مقام ہے اور ہمیشہ رہے گا کیونکہ ان کے تمام رشتوں میں یہ رشتہ ان کے لیے بہت اہم ہے۔
سلمان خان: فلم چھوڑ دی تاکہ شاہ رخ کو بھی کوئی اچھی فلم ملے

،تصویر کا ذریعہProdip Guha
رشتہ تو سلمان خان اور شاہ رخ خان کا بھی کافی مضبوط ہے، تبھی تو سلمان نے شاہ رُخ کی فلم پٹھان میں سپیشل اپیئرنس کے لیے کوئی فیس نہیں لی۔
یہ اور بات ہے کہ ماضی میں ان کے درمیان بھی تلخیاں تھیں۔ لیکن اب ان کی دوستی کا یہ عالم ہے کہ ایک دوسرے کی فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار نبھانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
شاہ رخ خان کی فلم چک دے انڈیا کے لیے رول کے لیے پہلے سلمان خان سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن سلمان نے فلم کرنے سے انکار کر دیا تھا لیکن جب فلم سلطان کی پروموشن کے دوران کسی نے ان سے پوچھا کہ انھوں نے ’چک دے انڈیا‘ کیوں ٹھکرائی تھی تو سلمان نے مذاق میں کہا تھا کہ انھوں نے یہ فلم اس لیے نہیں کی تھی تاکہ شاہ رخ کو بھی کوئی اچھی فلم مل جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL
لیکن حال ہی میں ایک انٹرویو میں سلمان نے کہا کہ جب انھیں چک دے کی پیشکش ہوئی اس وقت ان کی امیج بلکل مختلف تھی وہ پارٹنر جیسی کمرشل فلمیں کر رہے تھے اور یہ سنجیدہ فلم تھی جس میں ’مجھے وگ پہن کر انڈیا کو میڈل جتوانا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے طرز کی فلم نہیں تھی۔ بعد میں اس فلم کو نہ صرف کئی ایوارڈز بلکہ ناقدین کی ستائش بھی ملی۔ شاید یہی وجہ تھی کہ سلمان خان نے کچھ سال بعد فلم سلطان کی جس میں وہ انڈیا کے لیے میڈل جیت کر لائے۔
‘کچن کے انچارج سیف اور تیمور ہیں‘

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL
کرینہ کپور خان اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے بعد کام پر واپس پہنچ گئی ہیں۔
ڈسکوری پلس پر 'سٹارز ورسز فوڈ' نام کے اس شو میں کرینہ پیزا بناتی نظر آئیں گی۔ کرینہ نے انسٹاگرام پر اس شو کا ٹیزر پوسٹ کیا ہے۔
اس قسط میں کرینہ نے یہ بھی بتایا کہ حمل کے دوران انھیں ہمیشہ پیزا اور پاستا کھانے کا دل کرتا تھا۔
یہ پوچھے جانے پر کہ باورچی خانے کا انچارج کون ہے، کرینہ کا جواب تھا ’سیف اور تیمور۔‘
کرینہ کے مطابق سیف نے لاک ڈاؤن کے دوران کھانوں کی کئی نئی تراکیب سیکھی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
چالیس سالہ ’بیبو‘ اس قسط میں اپنی کچھ دوستوں کے ساتھ گپ شپ لگاتی نظر آئیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ایسی کون سی تین چیزیں ہیں جو وہ رات کو بستر میں ساتھ لے کر جاتی ہیں تو ان کا جواب تھا ’وائن کی بوٹل، پاجاما اور سیف۔‘












