بالی وڈ ڈائری: ’لوگ میری جسامت کا مذاق اڑاتے تھے اور مجھے لڑکا پکارتے تھے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
اداکارہ جھانوی کپور کا کہنا ہے کہ انھیں بچپن سے ہی اقربا پروری کے طعنے دیے گئے۔ وہ کہتی ہیں کہ سکول میں جب کبھی ٹیچر میرے کام کی تعریف کرتی تھیں تو ان کے ساتھی انھیں اس بات کا طعنہ دیتے تھے کہ چونکہ وہ سری دیوی کی بیٹی ہیں اس لیے ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔
انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اقربا پروری‘ کا ٹیگ ان کے ساتھ بالی ووڈ میں آنے سے پہلے سے لگا ہوا ہے جس کے سبب خود کو ثابت کرنے کے لیے انھیں زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔
جھانوی کی فلم ’روحی‘ اسی ہفتے ریلیز ہوئی ہے۔ راجکمار راؤ کے ساتھ جھانوی کی یہ فلم ایک ہارڈ کامیڈی ہے اور جھانوی کو اس فلم سے کافی امیدیں ہیں۔
بالی ووڈ کی اس نئی نسل کو جہاں اقربا پروری کے الزامات کا سامنا ہے وہیں ان پر اس بات کا بھی دباؤ ہوتا ہے کہ وہ اپنے والدین کی شبیہ کے پیشِ نظر لوگوں کی امیدوں پر پورا اتریں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بالی وڈ میں باڈی شیمنگ
اسی طرح چنکی پانڈے کی بیٹی عننیہ پانڈے کا کہنا ہے کہ انھیں ان کے پتلے جسم کے سبب مذاق کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور لوگ انھیں لڑکا کہہ کر پکارتے تھے۔
سنہ 2019 میں کرن جوہر کی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں قدم رکھنے سے پہلے ہی عننیہ میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
ایک ویب سائٹ ’بالی ووڈ ببل‘ کو انٹرویو میں عننیہ کا کہنا تھا کہ اپنے جسم پر لوگوں کے تکلیف دہ کمنٹس کے سبب خود پر سے ان کا اعتماد بہت کم ہو گیا تھا۔
ادھر سونم کپور کی بہن اور انیل کپور کی دوسری بیٹی ریا کپور نے انسٹا گرام پر بکنی میں اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’مجھے ہمیشہ یہی لگتا تھا کہ شاید میں موٹی ہوں۔‘
ساتھ ہی انھوں نے امریکی اداکارہ اور کامیڈین ٹینا فے کے حوالے سے لکھا کہ ان کے چند الفاظ نے ان کی زندگی بدل دی کہ چاہے کچھ رہے نہ رہے ہمیشہ ایک بات یاد رکھیں کہ خوبصورتی کا سب سے بڑا اصول ہے ’ہو کیئرز‘ یعنی ’کس کو فرق پڑتا ہے۔‘
نورا فتحی کا اپنے فینز کا شکریہ
اداکارہ نورا فتحی نے اس ہفتے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کا انتہائی خوبصورت انداز میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے کام پر لوگوں سے جس طرح کا مثبت ردِ عمل ملا ہے اس کے لیے میں ان کی شکرگزار ہوں۔
نورا اپنے مشہور گانے ’دلبر‘ کے یوٹیوب پر ایک ارب کا ہندسہ پار کرنے کے موقع پر لوگوں کا شکریہ اد کر رہی تھیں۔

،تصویر کا ذریعہ@TEAMNORAFATEHI
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کامیابی حاصل کرنے والی وہ پہلی افریقی عرب فنکار ہیں اور یہ ان کے کرئیر کی بڑی کامیابی ہے۔
نورا نے کہا کہ وہ اس کامیابی کا احترام کرتی ہیں اور لوگوں کو دل سے شکریہ ادا کرتی ہیں۔
امیتابھ بچن کی نواسی کا بہترین دوست کون؟
امیتابھ بچن کی نواسی نویہ نویلی اور جاوید جعفری کے بیٹے میزان جعفری کی دوستی کے بارے میں انڈین میڈیا میں اکثر قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں کیونکہ یہ دونوں اکثر ایک ساتھ نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں جاوید جعفری نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میزان اور نویہ ایک ساتھ بڑے ہوئے ہیں، انکے دوست بھی مشترکہ ہیں اور اس کے علاوہ نویہ سکول کے زمانے سے ہی ان کی بیٹے کی دوست ہیں۔
جاوید جعفری کا کہنا تھا کہ سارہ علی خان بھی ان کے بچوں کی دوست ہیں اور یہ لوگ کافی وقت ساتھ گزارتے ہیں اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا رشتہ ہی جوڑ دیا جائے۔
نویہ اکثر سوشل میڈیا پر جو پوسٹ کرتی ہیں اس میں دیگر لوگوں کے ساتھ میزان کے بھی کمنٹس شامل ہوتے ہیں اور کئی بار میڈیا میں ان کی پوسٹ کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
میزان نے سنجے لیلی بھنسالی کے ساتھ فلم ملال سے ڈیبیو کیا تھا اور حال ہی میں فلم ’ہنگامہ ٹو‘ کی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے۔












