ابھیشیک نے ایشوریہ کو کس طرح شادی کے لیے پروپوز کیا تھا؟

ایشوریہ رائے

،تصویر کا ذریعہPA

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

نئے سال میں لوگوں نے نئے نئے عزم اور ارادے کیے ہوں گے لیکن بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے اپنے ماضی کی اس خوبصورت یادوں کو لوگوں کے ساتھ شیئر کیا جسے سوچ کر وہ آج بھی خوشی سے جھوم اٹھتی ہیں۔

ایک میگزین کے ساتھ انٹرویو میں ایشوریہ رائے نے بتایا کہ سنہ 2007 میں ابھشیک بچن نے کس طرح اقرار محبت کے ساتھ ان سے شادی کی پیشکش کی تھی۔ ایشوریہ نے بتایا کہ ابھشیک کے ساتھ ان کی فلم 'گرو' کی ریلیز سے پہلے نیو یارک کے ہوٹل کے کمرے کی بالکنی میں گھٹنوں پر بیٹھ کر ابھشیک نے ایک انگوٹھی کے ساتھ انھیں پروپوز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

ایشوریہ رائے

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

ایشوریہ کا کہنا تھا کہ وہ لمحہ کسی خواب کی مانند تھا۔ ایشوریہ کے مطابق اس کے بعد فلم 'جودھا اکبر' کے سیٹ پر جب ابھشیک ان سے ملنے آئے تو ان کی شادی کا سین شوٹ ہو رہا تھا اور وہ دلہن بنی بیٹھی تھیں سب کچھ جادوئی سا لگ رہا تھا کیونکہ اصل زندگی میں ان کی شادی ابھشیک سے ہونے والی تھی۔

شادی کے 12 سال بعد یہ ایشوریہ کے دل کی بات تھی ابھشیک کے دل کا حال وہ جانیں یا خدا۔

شاہ رخ خان

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

فلم 'زیرو' کی ناکامی کے بعد شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم 'سارے جہاں سے اچھا' کے بارے میں اعلان کرتے ہوئے عامر خان کا شکریہ ادا کیا۔

دراصل رونی سکریو والا بھارتی فضائیہ کے پائلٹ راکیش شرما پر فلم بنا رہے ہیں جو خلا کا سفر کرنے والے پہلے بھارتی تھے۔

بہرحال پہلے یہ فلم عامر کو دی گئی تھی لیکن عامر نے اس فلم کے لیے شاہ رخ کا نام تجویز کیا۔ اب فلسماز رونی سکریو والا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ فلم شاہ رخ کر رہے ہیں اور جلد ہی اس پر کام شروع ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

قادر خان

،تصویر کا ذریعہAFP

رواں ہفتے بالی وڈ میں کامیڈی اور مکالمہ نگاری کے بے تاج بادشاہ قادر خان انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور انڈسٹری سے دور رہ رہے تھے۔

پوری انڈسٹری میں اس وقت ہر کوئی بڑھ چڑھ کر قادر خان کی تعریفیں اور انڈسٹری کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے نہیں تھکتا نظر آتا اور ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کے کریئر کا گراف بلندیوں پر لے جانے میں قادر خان کا بڑا ہاتھ تھا۔ مثلاً امیتابھ بچن، گوندا، ڈیوڈ دھون اور شکتی کپور وغیرہ۔

یہ بھی پڑھیے

لیکن جب قادر خان زندہ تھے تو کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں تھا۔ اس بارے میں شکتی کپور جنھوں نے قادر خان کے ساتھ تقریباً سو فلمیں کی تھیں ان کا کہنا ہے کہ انھیں قادر خان کی موت کا شدید افسوس ہے لیکن یہ بات انھیں پریشان کیے جا رہی ہے کہ آخر ان کی زندگی کے آخری سالوں میں انھیں تنہا کیوں چھوڑ دیا گیا۔

یہاں سوال وہی ہے کہ لوگ کسی کے مرنے کے بعد ہی اسے کیوں یاد کرتے ہیں، انھیں ان کی زندگی میں ہی یاد کیوں نہیں رکھا جاتا۔ اب پتہ نہیں شکتی کپور یہ سوال خود سے کر رہے ہیں یا لوگوں سے۔