شوبز ڈائری: بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین کی 45ویں سالگرہ، شاہ رخ خان کی نئی فلم اور بِگ باس میں ’لو جہاد‘ کے چرچے

،تصویر کا ذریعہ@thesushmitasen
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
سابق حسینہ کائنات سشمیتا سین اس ہفتے 45 سال کی ہوئی ہیں اور ان کے مطابق ان کی بیٹی رنی نے انہیں ان کی سالگرہ کا بہترین تحفہ دیا ہے۔
سشمیتا کی گود لی ہوئی بیٹی رنی کی شارٹ فلم 'سُٹٹا باز' کا ٹریلر ریلیز ہوا ہے۔
انھوں نے انسٹا گرام پر اس ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا 'اپنی سالگرہ پر میرا اب تک کا سب سے بہترین تحفہ جسے میں انتہائی فخر کے ساتھ پیش کر رہی ہوں، یہ میری بیٹی کی پہلی شارٹ فلم کا ٹریلر ہے۔ '
سشمیتا چاہے فلموں میں نظر نہ آتی ہوں لیکن سوشل میڈیا پر وہ اکثر تصاویر شییئر کرتی رہتی ہیں ان تصاویر میں ان کی دونوں گود لی ہوئی بیٹیوں کے ساتھ ساتھ ان کے قریبی دوست رومن شال بھی نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حال ہی میں یو ٹیوب چینل زووم کے ساتھ ایک انٹرویو میں سشمیتا نے رومن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عمر کے لحاظ سے بہت سلجھے ہوئے انسان ہیں۔ سشمیتا کا کہنا تھا کہ رومن عمر میں ان سے پندرہ سال چھوٹے ہیں لیکن وہ اپنی عمر کے مقابلے انتہائی سمجھدار اور سلجھے ہوئے انسان ہیں۔
سشمیتا کے بوائے فرینڈ رومن ایک ماڈل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہ@thesushmitasen
سشمیتا کا کہنا ہے کہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ جس محبت کی انہیں تلاش تھی وہ انہیں رومن کی شکل میں ملے گی اور وہ بھی انسٹاگرام پر اور وہ یہ بھی نہیں جانتی تھیں کہ رومن اتنی کم عمر کے باوجود اتنے سلجھے ہوئے انسان ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ رومن اور ان کے بچے ایک مکمل ٹیم ہیں اور یہ سب بہت خوبصورت احساس ہے۔'
بِگ باس میں 'لو جہاد'؟
انڈین ریئالٹی شو بِگ باس میں یوں تو پہلے بھی محبت کی کئی کہانیاں پروان چڑھی ہیں لیکن اس بار اداکار اعجاز خان اور اداکارہ پوِترا پنیا کے درمیان بڑھتی محبت کی پینگیں 'کرنی سینا' کو سخت ناگوار گزریں۔
کرنی سینا نے بِگ باس 14 میں 'لو جہاد' کا اینگل تلاش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باگ باس 'لو جہاد' کو فروغ دے رہا ہے اور اس میں فحاشی دکھائی جا رہی ہے اور اسے فوراً بند کیا جانا چاہیے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
کرنی سینا نے چینل کو ایک نوٹس بھی دے ڈالا۔
اس بارے میں ابھی تک چینل یا شو کے منتظمین کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ویسے شو کے میزبان اور بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان اور ان کے گھر والے قرنطینہ میں ہیں کیونکہ انکے ڈرائیور اور گھر کے عملے کے دو ارکان کا کرونا کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے۔ جہاں تک کام کا تعلق ہے تو سلمان نے حال ہی میں فلم 'رادھے یور موسٹ وانٹیڈ بھائی' کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے۔ اور فلم 'انتم' کی شوٹنگ کی تیاریں چل رہی ہیں۔
ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین خان
بالی ووڈ اور میڈیا میں کئی بار یہ سوال کیا جاتا رہا ہے کہ کیا کبھی تینوں خان بڑے پردے پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ مداحوں کی بھی ان تینوں کو ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش رہی ہے۔
لگتا ہے بہت جلد ان کی یہ خواہش پوری ہونے والی ہے ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق عامر خان اپنی فلم لال سنگھ چڈھا میں سلمان اور شاہ رخ کو مہمان اداکار کے طور پر پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں شاہ رخ خان کی شوٹنگ مکمل کر لی گئی ہے اور سلمان سے بات چیت جاری ہے اور ایسی خبریں بھی ہیں کہ شاہ رخ اپنے یادگار کردار راج میں نظر آئیں گے جبکہ سلمان ایک بار پھر پریم کا روپ اپنائیں گے۔

فلم لال سنگھ چڈھا ہر دہائی کے اہم لمحات کے مناظر پیش کرے گا جس میں نوے کی دہائی میں شاہ رخ نے 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' میں راج کا کردار نبھایا تھا اور اس دوران سلمان کی کئی ہٹ فلمیں آئی تھیں جس میں ان کے کردار کا نام پریم تھا۔
شاہ رخ حان نے فلم ہیرو کی ناکامی کے بعد سے کوئی فلم سائن نہیں کی تھی لیکن حال ہی میں انھوں نے فلم 'پٹھان' کے لیے شوٹنگ شروع کر دی ہے۔












