شوبز ڈائری: سونو سود اصل زندگی کے ہیرو، سنی لیونی قرنطینہ میں

،تصویر کا ذریعہReliance Entertainment
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی بھی آج کل قرنطینہ میں ہیں۔ رواں ہفتے ویب سائٹ ’بالی وڈ ہنگامہ‘ کے فریدون شہر یار کے ساتھ سکائپ پر بات چیت میں انھوں نے اس موضوع پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی کہ لاک ڈاؤن کے بعد فلم میں محبت کے مناظر کیسے فلمائے جائیں گے۔
سنی کا کہنا تھا کہ فلم میں ہر کسی کو پیار محبت کے مناظر اچھے لگتے ہیں اور ہم دُعا کرتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہو اور ہم پہلے کی طرح کام کر سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں سنی لیونی نے یہ بھی کہا کہ وہ عمران ہاشمی کے ساتھ کام کر کے خود کو خوش قسمت سمجھیں گی۔
کورونا اور فلم انڈسٹری کے بارے میں سنی کی یہ بات درست ہے کیونکہ اس وقت پیار تو دور کی بات ہاتھ ملانا بھی ممنوع ہے، اور اگر حالات ایسے ہی رہے تو سوچیں عمران ہاشمی کا کیا بنے گا؟
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہAFP
دنیا کے لاکھوں لوگوں کی طرح سلمان خان بھی گھر سے کام کر رہے ہیں۔ فرق یہ ہے کہ آج کل ان کا گھر ممبئی کے نزدیک پنویل میں ان کا فارم ہاؤس بنا ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ وہی فارم ہاؤس ہے جہاں سے انھوں نے عید کے موقع پر جیکلین فرنانڈیز کے ساتھ ایک رومانوی گانا ریلیز کیا تھا اور اس ہفتے ہندو مسلم بھائی چارے پر انھیں کی آواز میں پھر ایک گانا ریلیز ہوا ہے۔ اور خبر ہے کہ اب سلمان لاک ڈاؤن میں اپنی روز مرہ کی زندگی پر اپنے فارم ہاؤس سے ایک خصوصی شو کریں گے۔
’ہاؤس آف بھائی جانز‘ نام کا یہ شو کلر ٹی وی پر دکھایا جائے گا۔ اس شو میں کئی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ فارم ہاؤس کا عملہ بھی شامل ہو گا۔
لیکن اس سے بڑی خبر یہ ہے کہ دبنگ کے چلبل پانڈے کا کردار اب اینیمیٹڈ سیریز کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس سیریز میں صرف سلمان ہی نیں بلکہ اس سیریز کے دوسرے کردار جیسے رجو، پرجا پتی اور چھیدی سنگھ کا کردار بھی ہو گا۔
دبنگ میں چھیدی سنگھ کا کردار اداکار سونو سود نے نبھایا تھا۔ لیکن فلم دبنگ کے پردے کا یہ وِلن اصل زندگی میں ایک بڑا ہیرو بن کر ابھرا ہے اور اب سونو سود کو بالی وڈ کا اصلی دبنگ اور رابن ہڈ کہا جا رہا ہے۔
سونو سود نے لاک ڈاؤن میں پھنسے لاکھوں مزدوروں کو نہ صرف کھلے دل سے کھانے اور رہنے کی جگہ دی بلکہ اب انھوں نے مزدوروں کو ان کے گھر پہنچانے کا کام بڑے زور و شور سے شروع کر رکھا ہے۔
وہ اب تک خصوصی بسوں کے ذریعے ریاست مہاراشٹر سے ہزاروں مزدوروں کو ان کے گھر پہنچا چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSONU SOOD
سونو نے انتہائی خاموشی کے ساتھ میڈیا اور تشہیر کے بغیر ہی مزدوروں کی مدد شروع کی تھی لیکن آہستہ آہستہ ان کے کام کے چرچے ہونے لگے اور انڈسٹری کے ساتھ ساتھ میڈیا نے بھی ان کے کام کو اجاگر کرنا شروع کر دیا۔
بالی وڈ ہنگامہ کے شہر یار فریدون کے ساتھ سکائپ پر انٹرویو میں سونو سود کا کہنا تھا کہ جب تک وہ تمام مزدوروں کو گھر نہیں بھیج دیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
سونو سود کے اس کام سے فلسماز بھی متاثر ہوتے نظر آ رہے ہیں اور ان کی زندگی پر ایک فلم بنانے کی بات ہو رہی ہیں۔













