’تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب، پیار سے لگتا ہے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
اداکارہ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں دبنگ سیریز کی اگلی کڑی، دبنگ تھری کی شوٹنگ شروع کر دی ہے۔ دبنگ میں کردار رجو کا یہ ڈائیلاگ کافی مشہور ہوا تھا 'تھپڑ سے ڈر نہیں لگتا صاحب، پیار سے لگتا ہے۔'
اب رجو یعنی سوناکشی کی خواہش ہے کہ دبنگ تھری میں ان کے کردار کے لیے ایک بار پھر کوئی یادگار ڈائیلاگ لکھا جائے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مزید بالی وڈ ڈائری پڑھیے
امید ہے فلمساز کو ان کا مشورہ اچھا لگے گا۔ سلمان خان کے ساتھ تین فلمیں کرنے کے بعد بھی سوناکشی نے دبنگ کے بعد کئی فلمیں کیں جن میں'اکیرا' جیسی فلم میں انھوں نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ وہ رومانس اور کامیڈی کے ساتھ ساتھ ایکشن بھی کر سکتی ہیں۔
لیکن خان صاحب کے ساتھ تین فلمیں کرنے کے بعد بھی سوناکشی کو شاید یہ بات سمجھ میں نہیں آئی کہ خان صاحب کے سامنے ہیروئنز کا نہ تو کوئی خاص رول ہوتا ہے اور نہ ہی ڈائیلاگ۔ کہانی اور کیمرہ صرف اُن کے ہی ارد گرد گھومتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ادھر اداکار ٹائیگر شروف اپنی آنے والی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو‘ کی ریلیز سے پہلے اس کی پروموشن میں مصروف ہیں اور جیسا کہ فلم کی ریلیز سے پہلے اکثر سٹارز اپنی ذاتی زندگی کا کوئی راز یا کوئی خاص بات میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہیں، ٹائیگر نے بھی اپنی زندگی کے کچھ نئے پہلوؤں کو سب کے سامنے رکھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ٹائیگر شروف انتہائی باصلاحیت اداکار لیکن شرمیلے انسان ہیں۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ ان کی شکل اپنی ممی سے زیادہ ملتی ہے جبکہ ان کے پاپا پیدائشی سٹار ہیں اور بہت ہی پر اعتماد ہیں اور کھل کر بولتے ہیں۔ جبکہ اس کے برعکس ٹائیگر خود خاموش طبیعت اور شرمیلے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ٹائیگر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پہچان صرف جیکی شروف کے بیٹے کے طور پر نہیں چاہتے اور ایسا کرنے کے لیے انھیں بہت محنت کرنی پڑی ہے تاکہ وہ اپنے والد کی شخصیت کے سائے سے باہر نکل سکیں۔
ٹائیگر نے فلم ہیرو پنتی، باغی باغی ٹو جیسی فلمیں کر کے کافی حد تک انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا لی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جبکہ نواز الدین صدیقی کافی کم عرصے میں بالی ووڈ میں اپنا خاص مقام بنا چکے ہیں۔ گینگز آف واسع پور، کہانی اور فلم کِک کے بعد نواز نے مڑ کر نہیں دیکھا۔
یہ اور بات ہے کہ وہ انڈسٹری میں آنے کی کوشش کافی عرصے سے کر رہے تھے۔ انھوں نے 1999 میں عامر خان کی فلم سرفروش میں ایک چھوٹا سا رول کیا اس کے بعد منا بھائی ایم بی بی ایس اور رام گوپال ورما کی فلم جنگل میں بھی نظر آئے۔
لیکن گینگز آف واسع پور کے بعد بدلہ پور، بجرنگی بھائی جان اور کِک نے انکی کیرئیر کو کِک لگائی اور نواز کامیابی کی سیڑھیاں چڑھتے گئے۔

،تصویر کا ذریعہGoogle
حال ہی میں ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انڈسٹری میں نیا ہونے کے سبب انھیں ابتدا میں اپنا کیرئیر بنانے میں مشکل ہوئی تو اس بارے میں نوازالدین کا کہنا تھا کہ اگر آپ میں صلاحیت ہے تو کوئی بھی آپ کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتا۔
یہ اور بات ہے کہ کئی بڑے بڑے سٹارز کے بچے اپنی پہلی فلم کے بعد بھی اپنی کوئی جگہ نہیں بنا سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کنگنا رناؤٹ اور انکی بہن رنگولی اور بھٹ فیملی کے درمیان طنز کے نشتر کافی عرصے سے چل رہے ہیں۔
اب آخرکار فسلماز مہیش بھٹ نے کنگنا رناؤت کو بچی کہہ کر معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی ہے۔
اپنی بیٹی عالیہ اور پھر خود انکے بارے میں کنگنا اور انکی بہن کے بیانات کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کنگنا انکی بچی جیسی ہے اور انکی پرورش انھیں اجازت نہیں دیتی کہ وہ اپنے بچوں کے بارے میں کچھ غلط کہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مہیش بھٹ نے تو کنگنا کو اپنی بچی کہہ کر اس پنڈورا بکس کو بند کرنے کی پوری کوشش کی ہے اب دیکھنا ہے کہ کنگنا یا رنگولی کوئی نیا بین بجا کر اس پٹارے کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کریں گی یا نہیں۔










