جنسی تعلقات کا مطالبہ: برہنہ احتجاج کرنے والی اداکارہ گرفتار

،تصویر کا ذریعہSRI REDDY/FACEBOOK
انڈیا میں فلم پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکاروں کی جانب سے کام کے بدلے جنسی تعلقات کے مطالبے کے خلاف نیم برہنہ احتجاج کرنے والی اداکارہ سری ریڈی کو گرفتار کر لیا گیا۔
تیلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سری ریڈی کا کہنا ہے ’میں اپنی جنگ میں بے بس ہوں کیونکہ میرا درد کسی کو نظر نہیں آتا اس لیے مجھے ایسا قدم اٹھانا پڑا۔‘
سری ریڈی نے گذشتہ ہفتے تیلگو فلم انڈسٹری میں مبینہ طور پر جنسی ہراسگی کے خلاف بطور احتجاج حیدر آباد میں مووی آرٹسٹز ایسوسی ایشن کے سامنے اپنے کپڑے اتارے تھے جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سری ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تیلگو فلم انڈسٹری کے با اثر پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکار خواتین سے فلموں میں کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ان کا یہ احتجاج تیلگو فلم انڈسٹری میں رائج 'کاسٹنگ کوچ' کے نظام کے خلاف ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ برہنہ احتجاج کرنے پر اس لیے مجبور ہوئیں کیونکہ کوئی بھی ان کی بات سن نہیں رہا تھا۔
پولیس کے مطابق سری ریڈی نے تیلگو فلم انڈسٹری کے کسی بھی شخص کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کروائی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے اداکارہ کو پیش کش کی کہ وہ کسی بھی شخص کے خلاف شکایت درج کروائیں، پولیس اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی، تاہم اداکارہ نے ایسا کرنے سے گریز کیا۔
سری ریڈی نے مقامی ٹی وی چینل پر پریزنٹر کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ انھوں نے پانچ سال بعد فلموں میں کام کرنا شروع کیا.
اداکارہ نے کچھ تیلگو فلموں میں چھوٹے رول کیے تاہم اس واقعے کے بعد وہ شہ سرخیوں میں آ گئیں۔







