فلم میں شاہ رخ خان بونے کیسے بنے؟

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES ENTERTAINMENT
بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان اپنی آنے والے فلم 'زیرو' میں ایک بونے یا ٹھگنے آدمی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم کے ٹریلر کی لانچ کے موقعے پر شاہ رخ خان نے بتایا کہ ان کے کردار کے لیے انتہائی اعلیٰ ویژوئل تکنیک کا استعمال کیا گيا جسے بنانے میں دو سال کا وقت لگا ہے۔
آنند ایل رائے کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں مختلف قسم کے ویژوئل ایفکٹس کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کام کا ذمہ شاہ رخ خان کی ریڈ چلیز وی ایف ایکس کو دیا گیا ہے۔
پہلے بھی فلموں میں سپیشل ایفکٹس کے ذریعے چھوٹے کو بڑا اور بڑے کو چھوٹا دکھایا جاتا رہا ہے۔ کمال حسن نے فلم 'اپو راجہ' میں اور انوپم کھیر نے فلم 'جان من' میں بونے شخص کا کردار ادا کیا ہے۔
اس کے علاوہ بہت سی ہالی وڈ فلموں میں کردار کو بونا دکھانے والی تکنیک کا استعمال کیا گيا ہے۔ ان میں ایک سے زیادہ افراد کو بونا دکھایا گيا ہے۔
فلموں میں بونا دکھانے کے لیے مخصوص تکنیک استعمال ہوتی ہیں اور زیرو فلم میں بھی ان کا استعمال کیا گیا ہے۔
ہم یہاں ان تکنیک کے بارے میں بات کریں گے۔
فورسڈ پرسپیکٹو

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES ENTERTAINMENT
' فورسڈ پرسپیکٹو' ایسی ٹیکنالوجی ہے جس میں آپٹیکل الیوژن کسی چیز کو چھوٹا، بڑا، دور یا قریب دکھایا جا سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہم عام طور پر فلموں اور اشتہار میں اس کا استعمال دیکھتے ہیں جیسے کسی کے ہاتھ پر بہت بڑی عمارت کو دکھانا۔ اس میں عمارت چھوٹی نظر آتی اور ہاتھ اپنی اصل شکل میں۔
شاہ رخ خان کی فلم 'زیرو' کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فلم بنانے کے لیے بیرون ملک سے ماہرین بلائے گئے ہیں۔اس طرح کی تکنیک کا ہالی ووڈ کی فلموں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔
ہالی وڈ کی فلم 'دی ہبوبٹ' اور 'لارڈز آف دا رنگز' میں بھی اس کا استعمال کیا گیا ہے اور بہت سے لوگوں کو ان کے حقیقی قد سے چھوٹا دکھایا گیا ہے۔
کروما کی تکنیک
اس کے علاوہ اس طرح کے فلموں میں کروما' کی تکنیک کا استعمال بھی کیا جاتا ہے جس میں کسی منظر کو شوٹ کرنے کے بعد اس کے پس منظر کو بدلا جاتا ہے۔
شاہ رخ خان نے فلم کے ٹریلر کی ریلیز سے قبل شوٹنگ کی ایک تصویر بھی ٹویٹ کی تھی جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس فلم کو سبز سکرین پر شوٹ کیا جا رہا ہے۔
فلم بنانے میں دو سال

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES ENTERTAINMENT
اس فلم کا ٹریلر پیر کو جاری کیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران شاخ خان نے کہا: 'یہ ایک بہت مشکل فلم تھی۔ اسے بنانے میں دو سال لگ گئے۔'
انھوں نے کہا: 'دو چیزوں پر مجھے بہت فخر ہے۔ ایک یہ ہے کہ یہ دنیا بھر میں بنائی جانے والی سب سے زیادہ جدید ویژوئل ایفکٹس کی فلم ہے۔ لہذا اسے بنانے میں زیادہ وقت لگا۔ ایسی فلمیں ہر وقت نہیں بنائی جاتی ہیں اور اس میں پیسہ بھی بہت لگا ہے۔'
شاہ رخ خان کے ساتھ اس فلم میں انوشکا شرما اور قطرینہ کیف بھی اہم کردار میں ہیں۔ ٹریلر میں ان کے کردار بہت دلچسپ نظر آتے ہیں۔
اس فلم میں سنہ 1965 میں آنے والی فلم 'جب جب پھول کھلے' کے گیت 'ہم کو تم پر پیار آيا' کا استعمال کیا گیا ہے جس پر شاہ رخ خان نے رقص کیا ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2017 میں آنے والی فلم 'باہوبلی 2' میں بھی بہت جگہ ویژوئل ایفکٹس کا استعمال ہوا ہے اور اس کے لیے فلم کو کافی سراہا بھی گیا ہے۔
اب، فلم 'زیرو' کے بارے میں ناظرین کی رائے کیا ہوگی؟ یہ تو رواں سال کے اخیر میں پتہ چلے گا کیونکہ فلم کو 21 دسمبر سنہ 2018 کو ریلیز کیا جانا ہے۔













