انوشکا اور وراٹ کی شادی ہو گئی؟

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹر وراٹ کوہلی کی شادی کی افواہیں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ زوروں پر ہے۔ میڈیا ان کی ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے حالانکہ انوشکا اور وراٹ اب اپنے اس رشتے پر کھل کر بات کر چکے ہیں اور یہ بھی ظاہر کر چکے ہیں کہ وہ شادی کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن کب اور کہاں اس بارے میں وہ بالکل خاموش ہیں۔
اسی ہفتے انوشکا، ان کے والدین اور رشتے دار اٹلی کے لیے روانہ ہوئے ہیں ادھر وراٹ اور ان کے گھر والے بھی پیچھے پہنچ گئے ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ اس ہفتے اٹلی میں دونوں کی شادی ہو رہی ہے تاہم دونوں ہی نے اس بات کی تردید کی ہے لیکن میڈیا کے مطابق دونوں شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے ہی اٹلی روانہ ہوئے ہیں۔ بات کس حد تک درست ہے یہ جلدی ہی پتہ چل جائے گا کیونکہ کہا جاتا ہے نہ کہ عشق اور مشک چُھپائے نہیں چُھپتے!
یہ بھی پڑھئیے
ٹوئنکل کھنہ اپنے طنز و مزاح سے بھرے کالم کے لیے مشہور ہیں جس میں وہ اکثر متنازع موضوعات پر کمنٹس سے انھیں مزید متنازع بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چاہے نوٹ بندی کا معاملہ ہو یا پھر حال ہی میں شروع ہونے والے 'گڈز اینڈ سروس ٹیکس' یعنی جی ایس ٹی ہو یا خود ان کے اپنے شوہر سے متعلق کونٹروورسیز ہوں، ان کا قلم کسی کو نہیں بخشتا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
یہ بات اور ہے کہ جب بات ان کے شوہر اکشے کمار کی ہو تو قلم کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ اس وقت انڈیا اور بالی وڈ میں ہر کوئی سنجے لیلی بھنسالی کی فلم 'پدماوتی' پر اپنی رائے دینے کی جی توڑ کوشش کر رہا ہے اب ٹوئنکل کہاں پیچھے رہنے والی تھیں۔
انھوں نے بی جے پی کے ایک رہنما کی جانب سے دپیکا پادوکون کے 'قتل پر 10 لاکھ روپے کا انعام' رکھے جانے پر پوچھ ہی لیا کہ بھائی کیا اس انعام سے جی ایس ٹی لیا جائِے گا۔
حالانکہ ٹوئنکل نے کھلے عام دی جانے والی اتنی سنگین دھمکی کو طنز و مزاح کے روپ میں ڈھال کر پیش کرنے کی کوشش کی ہے لیکن آج انڈیا میں جس طرح کسی بڑی ہستی کا منہ کالا کرنے، تو کسی کی ناک کاٹنے یا کسی کا سر قلم کرنے کے لیے کھلم کھلا انعامات کا اعلان کیا جا رہا ہے اور مذہب کے نام پر راہ چلتے انجان لوگوں کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ اسے دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ یہاں طنز و مزاح کی نہیں بلکہ سنجیدہ سوچ کی ضرورت ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جہاں تک فلم پدماوتی کی حمایت میں سامنے آنے کا تعلق ہے تو انڈسٹری کے بڑے بڑے سٹارز اس معاملے پر بولنے سے گھبرا رہے ہیں ایسے میں بنداس کنگنا رناوت نے کھل کر فلم کے لیے حمایت ظاہر کی۔
شاہد کپور اس فلم کے اہم کردار ہیں۔ کنگنا اور شاہد فلم رنگون میں آمنے سامنے تھے لیکن اس دوران ان کے درمیان کچھ ان بن کی خبریں بھی تھیں لیکن اس مشکل وقت میں کنگنا کی حمایت نے شاہد کو کافی متاثر کیا اور انھوں نے ایک تقریب کے دوران کنگنا کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔








