امریکی گلوکار نیلی پر ریپ کا الزام، تفتیش کے بعد رہا کر دیا گیا

امریکی گلوکار نیلی کو ایک خاتون کی جانب سے ریپ کا الزام لگائے جانے کے بعد حراست میں لے لیا گیا لیکن بعد میں رہا کر دیا گیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ نیلی نے انھیں سیاٹل کے قریب کنسرٹ کے بعد ٹور بس میں ریپ کیا۔
اوبرن میں پولیس نے بتایا ہے کہ انھوں نے خاتون کی جانب سے مقامی وقت کے مطابق شب تین بجکر 48 منٹ پر ایمرجنسی کال موصول ہونے پر گلوکار کو حراست میں لیا۔
تاہم گلوکار نیلی نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے اور اب انھیں رہا کر دیا گیا ہے۔
رہائی کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی ٹوئٹ میں نیلی کا کہنا تھا کہ 'مجھ پر فرد جرم عائد نہیں ہوئی۔۔۔ اس لیے ضمانت کی ضرورت نہیں تھی۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے رہا کر دیا گیا، مزید تحقیقات زیرالتوا ہیں۔'
امریکی گلوکار نے خود پر لگائے جانے والے اس الزام کے بارے میں کہا کہ وہ معصوم ہیں اور انھیں ان جھوٹے الزامات پر حیرت ہے۔
انھوں نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ جب حقائق کو دیکھا جائے گا تو ثابت ہو جائے گا کہ انھیں جھوٹے الزامات سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نیلی کے، جن کا اصل نام کورنل ارل ہائنس ہے، حوالے سے ٹی ایم زیڈ ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ انھیں سیکنڈ ڈگری ریپ چارج میں حراست میں لیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
گلوکار کے وکیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہے کہ یہ الزامات 'مکمل طور پر من گھڑت' ہیں۔
نیلی نے امریکہ میں ہٹ ہونے والے گانے ڈائیلیما اور ہاٹ اِن ہیر گائے تھے۔ ان کی آخری البم سنہ 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔
دو برس قبل بھی ان کی ٹور بس سے منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا اور انھیں حراست میں بھی لیا گیا تھا۔
42 سالہ گلوکار اس وقت فلوریڈا میں موجود ہیں اور انھوں نے جمعے کی شب اوبرن میں پرفارم کیا تھا۔









