بالی وڈ سٹارز کی ناکامی کا دور شروع ہو گیا؟

شاہ رخ خان اور انوشکا شرما

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' کی ناکامی کیا کہتی ہے
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

لگتا ہے اس وقت بالی وڈ میں باکس آفس کا بد ترین دور ہے جہاں سلمان خان اور شاہ رخ خان جیسے بڑے بڑے سٹارز کی فلمیں منہ کے بل گرتی نظر آ رہی ہیں۔ پہلے سلمان خان کی فلم 'ٹیوب لائٹ' باکس آفس پر ناکام رہی اور اب شاہ رخ کی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' بھی فلاپ ہو گئی۔

شاہ رخ خان تو پہلے سے ہی 'دل والے' اور 'فین' کی ناکامی سے پریشان تھے۔ حالانکہ باکس آفس پر خانوں کی فلمیں سب سے زیادہ محفوظ تصور کی جاتی ہیں لیکن اس سال باکس آفس نے انھیں بھی نہیں بخشا۔ تو آخر بالی وڈ میں ہو کیا رہا ہے؟

شاید فلمسازوں کو لگنے لگا تھا کہ خراب سکرپٹ یا کمزور فلم بھی سپر سٹار کے سہارے باکس آفس پر کمال دکھا سکتی ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہے کیونکہ کوئی بڑا سٹار بھی ایک حد تک ہی فلم کو کامیاب کرا سکتا ہے اس کے بعد فلم کی کہانی اور مواد ہی فلم کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔

فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' اور 'ٹیوب لائٹ' کے ساتھ بھی شاید ایسا ہی ہوا ہے۔

فلم 'انڈر مائی برقع' اور 'ہندی میڈیم' جیسی فلموں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بغیر سپر سٹار والی فلموں کی کامیابی کیسی ہوتی ہے اور اس کی وجہ کیا ہے۔ ایک جاندار کہانی یا موضوع اور بہترین اداکاری اور اس سب سے بڑھ کر لوگوں کی پسند اور بدلتا نظریہ۔

جہاں تک سلمان خان کی فلم 'ٹیوب لائٹ' کی ناکامی کی بات ہے تو سلمان کی فلاپ فلمیں بھی سو کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر جاتی ہیں۔

فلم پوسٹر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنخواتین کے مرکزی کردار والی فلموں نے بھی حالیہ دنوں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے

اس بار تو سلمان خان نے اس فلم کے نقصان کو پورا کرنے کے لیے تقسیم کاروں کو 35 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ کنگ خان اپنی فلاپ فلم سے نقصان اٹھانے والوں کے آنسو پونچھنے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔

سٹار اور اداکار میں بہت فرق ہوتا ہے شاید اب انڈسٹری میں ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے جس میں صرف سٹارز کے پوسٹر والی فلمیں ہی نہیں بلکہ عرفان خان اور نواز الدین جیسے اداکاروں کی فلمیں بھی باکس آفس پر اپنا رنگ دکھائیں گی۔

اور تو اور اب خواتین کے مرکزی کردار والی فلمیں بھی سو کروڑ کے کیمپ میں آنے لگی ہیں جن میں 'میری کوم،' 'کوین،' 'تنو ویڈز منو' جیسی فلمیں شامل ہیں تو پھر ایسے میں اداکارہ تپسی پنوں کے اس بیان کی کیا کوئی اہمیت ہے کہ ہیروئنز ہیروز کے برابر فیس نہیں مانگ سکتیں کیونکہ ان کی فلمیں باکس آفس پر ہیروز کی طرح کامیاب نہیں ہوتیں۔

رنبیر کپور

،تصویر کا ذریعہAFP/Getty Images

،تصویر کا کیپشنرنبیر کپور کی فلم جگا جاسوس باکس آفس پر منھ کے بل گر پڑی ہے

اس سال باکس آفس پر فلاپ ہونے والی ایک فلم 'جگا جاسوس' بھی تھی جس کی ناکامی پر فلم کے ہیرو اور پروڈیوسر رنبیر کپور کے پاپا رشی کپور نے فلم کے ہدایت کار انوراگ باسو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انھیں غیر ذمہ دار کہا تھا۔

اب رنبیر کپور نے انوراگ باسو کی حمایت میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے پاپا کی بات سے اتفاق نہیں کرتے۔ یاد آیا کہ رنبیر نے بھی وعدہ کیا تھا کہ اگر فلم ناکام رہی تو اس کا نقصان وہ خود بھریں گے۔

لگتا ہے نہ چاہتے ہوئے بھی رنبیر کو سلمان کے نقشِ قدم پر چلنا پرے گا۔