آپ صحیح ہیں تو فلم انڈسٹری محفوظ جگہ ہے: جیکلین فرنانڈیز

،تصویر کا ذریعہTWITTER @ASLI_JACQUELINE
بالی وڈ کی اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کا کہنا ہے کہ اگر آپ کا خود کا رویہ صحیح ہے تو پھر فلم انڈسٹری آپ کے لیے محفوظ جگہ ہے۔
فلم 'کِک'، 'رؤئے' اور ہاؤس فُل' کی سیریز میں کام کرنے والی سری لنکا سے تعلق رکھنے والی اداکارہ جیکلین فرنانڈیز نے بالی وڈ میں اپنے 8 برس پورے کر لیے ہیں۔
فلم انڈسٹری کے باہر سے آنے والی بیشتر اداکاروں کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں دوست بنانا بہت مشکل ہو جاتا ہے لیکن بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جیکلین نے اس موقف کی حمایت نہیں کی۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER @ASLI_JACQUELINE
وہ کہتی ہیں: 'فلم انڈسٹری میں دوست بنانا آسان ہے۔ آپ کی پریشانیاں، فکر، عدم تحفظ اور جد و جہد سب ایک ہی جیسی ہوتی ہیں جس پر آپ ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں۔'
جیکلین اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انھیں بہترین انسانوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا ہے کہ فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے افراد جب کسی مشکل یا تنازع سے گزر رہے ہوتے ہیں تو انھیں اس سے بہت تکلیف ہوتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ کہتی ہیں: 'ہم سب اپنا اپنا مقام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کامیابی کے ساتھ ہمیشہ سے بہت کچھ اور بھی منسلک ہوتا ہے جس کا سامنا ہمیں کرنا ہی پڑتا ہے، تاہم اگر آپ کا رویہ درست ہے تو فلم انڈسٹری بہت محفوظ جگہ ہے۔ اور جب آپ خود ایک اچھے انسان ہوتے ہیں تو اچھے لوگ آپ کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہTWITTER @ASLI_JACQUELINE
جیکلین کا خیال ہے کہ فلمی خاندان سے وابستہ لوگوں کی سمجھ بوجھ بہت بہتر ہوتی ہے اور انھوں نے فلم انڈسٹری میں بہت سے دوست بنائے ہیں جس میں سلمان خان، سونم کپور، تاپسی پنوں، سدھارتھ ملہوترا اور دھون فیملی شامل ہیں۔
اداکاروں سے توقع کی جاتی ہے کہ ان میں اعتماد کی ہرگز بھی نہ ہو لیکن ایک فنکار کے طور پر جیکلین نے یہ بات تسلیم کی کہ کئی بار ان میں اعتماد نہیں ہوتا ہے اور ان کی ہندی زبان بھی کمزور ہے جس پر وہ کام کر رہی ہیں۔
گذشتہ برس جیکلین کی ٹائیگر شروف کے ساتھ آنے والی سوپر ہیرو فلم 'فلائنگ جٹ' مبصرین کو پسند آئی اور نہ ہی ناظرین کو۔

،تصویر کا ذریعہTWITTER @ASLI_JACQUELINE
اس فلم کی ناکامی پر وہ کہتی ہیں: 'بطور آرٹسٹ ہم ایک پاؤں پر کھڑے ہوتے ہیں۔ کون سی فلم سائن کریں اور کون سی نہیں، کون سی فلم چلے گی اور کون سی نہیں، کیوںکہ اب فلم شائقین بدل چکے ہیں۔ انھیں اب نئی قسم کی کہانیاں چاہیں۔ فارمولا فلمیں ناظرین پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا: 'جن فلموں سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ حیرت انگیز طور پر اچھا کریں گی وہ ایسا کرنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔ ناظرین سے جو فلم دیکھنے کی امید کی جا رہی ہے وہ نہیں دیکھ رہے۔ ہم فنکاروں کے لیے بھی فلموں کا انتخاب مشکل ہو گیا ہے کیوںکہ آپ کو سمجھ میں نہیں آتا کہ کون سی فلم چلے گی اور کون سی نہیں۔'

،تصویر کا ذریعہTWITTER @ASLI_JACQUELINE
جیکلین کی خواہش ہے کہ وہ کوئی ایسی فلم کریں جس میں ان پر دباؤ نہ ہو اور وہ کچھ نیا کر سکیں۔
امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار جیسے سینئر فلمی سٹارز کے ساتھ کام کرنے والی جیکلین کا کہنا ہے کہ پرانی نسل کے اداکار نئی نسل کے اداکاروں سے زیادہ جوشیلے ہیں۔
جیکلین کی نئی فلم 'جینٹل مین' میں وہ اداکار سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم 25 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔








