’کنگ آف رومانس‘ کو رومانس سے خطرہ!

شاہ رخ خان اور کاجول

،تصویر کا ذریعہYR FILMS

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان اور کاجول نے فلم دل والے دلہنیا لے جائيں گے میں یادگار کردار ادا کیے
    • مصنف, سوپریہ سوگلے
    • عہدہ, صحافی، ممبئی

بالی وڈ کی فلموں میں جب رومانس کا ذکر ہوتا ہے تو اکثر شاہ رخ خان کا نام ذہن میں آتا ہے۔ ’فوجی‘ اور ’سرکس‘ سیریل سے اداکاری کے کریئر کی ابتدا کرنے والے شاہ رخ خان کو فلم ’دیوانہ‘ سے ہندی فلموں میں متعارف کرایا۔

عباس مستان کی فلم ’بازیگر‘ اور یش چوپڑا کی فلم ’ڈر‘ میں انھوں نے ’اینٹی ہیرو‘ کا کردار ادا کیا۔

سلمان خان نے اپنے کریئر کا آغاز رومانوی فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے کیا تھا۔ وہ ’ساجن‘ اور ’ہم آپ کے ہیں کون‘ جیسی رومانوی فلموں کا حصہ رہے۔

جبکہ عامر خان نے بھی اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں بہت سی رومانوی فلموں میں اداکاری جن میں ’قیامت سے قیامت تک‘، ’دل‘، ’اکیلے ہم اکیلے تم‘ وغیرہ شامل تھیں۔

رومانوی فلموں سے کریئر کی ابتدا کرنے کے باوجود سلمان خان اور عامر خان ہندی فلموں کے ’رومانس کنگ‘ نہ بن پائے، جبکہ منفی کردار سے اداکاری کا نقش قائم کرنے والے شاہ رخ خان ’رومانس کنگ‘ بن گئے۔

شاہ رخ اور قطرینہ کیف

،تصویر کا ذریعہYR FILMS

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ نے اپنے زمانے کی تقریبا تمام بڑی ہیروئنز کے ساتھ اداکاری کی ہے

ان کی رومانوی فلموں میں سپر ہٹ ’دل والے دلھنيا لے جائیں گے‘، ’دل تو پاگل ہے‘، ’پردیس‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’محبتیں‘، ’ویر-زارا‘، ’کل ہو نہ ہو‘، ’جب تک ہے جاں‘ وغیرہ شامل ہیں۔

اب وہ امتیاز علی کی رومانوی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ میں انوشکا شرما کے ساتھ رومانس کرتے طرح نظر آئیں گے۔

شاہ رخ نے اپنے کریئر میں 20 سے زیادہ رومانوی فلمیں کی ہیں۔

فلم ناقد اجے برہماتماج کہتے ہیں: ’شاہ رخ خان باہر سے آنے والے اداکار تھے۔ ان کے پاس فلمیں منتخب کرنے کی آزادی نہیں تھی۔ جو فلمیں انھیں ملتی چلی گئيں وہ کرتے گئے۔ ’دل والے دلھنيا لے جائیں گے‘ صرف ان کے لیے نہیں بلکہ فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا موڑ تھا۔‘

اجے کا خیال ہے کہ شاہ رخ کے پاس خوبصورت رومانوی فلمیں آئیں اور بڑے ڈائریکٹر یش چوپڑا، آدتیہ چوپڑا اور کرن جوہر کے ساتھ کام کرکے ان کی تصویر ’لارجر دین لائف‘ بن گئی تھی۔

’اسی تصویر کو انھوں نے اپنی فلموں میں برقرار رکھا۔ حالانکہ وہ خوبصورت نظر آنے والے اداکار نہیں تھے لیکن مسلسل بڑی سکرین پر دکھائے جانے سے ناظرین کو وہ پسند آنے لگے تھے۔‘

دل تو پاگل ہے

،تصویر کا ذریعہDIL TO PAGAL HAI MOVIE

،تصویر کا کیپشنفلم دل تو پاگل ہے میں شاہ رخ خان کرشمہ کپور اور مادھوری دیکشت کے ساتھ نظر آ رہے ہیں

وہ مزید کہتے ہیں: ’شاہ رخ کے زیادہ تر کردار متوسط اعلیٰ طبقے کے لڑکے کو متوجہ کرتے ہیں جو ہر طرح سے محفوظ اور خوش حال ہے۔ اسے کسی قسم کا عدم تحفظ نہیں ہے۔ ان کے کردار کو روزی روٹی کی پریشانی نہیں ہے۔ شاہ رخ خان کے کردار کی زندگی خوش و خرم ہے، بس اسے صرف محبت کرنا ہے۔ ایسے رومانوی ہیرو لڑکیوں کو بے حد پسند آتے ہیں۔‘

دوسری جانب سینیئر صحافی جے پرکاش چوكسے کا کہنا ہے کہ ’کنگ آف رومانس‘ میڈیا کی طرف سے دی جانے والی ڈگری ہے۔

وہ کہتے ہیں: ’دلیپ کمار اور راجیش کھنہ کے سنہرے دور میں میڈیا زیادہ نہیں تھی اور صرف چند میگزین میں خبریں چھپتی تھیں۔ اب میڈیا کی تعداد زیادہ ہے اور انھیں زندہ رہنے کے لیے مواد کی ضرورت پڑتی ہے تو اس طرح کی چیزیں وہاں خوب اچھالی جاتی ہیں۔‘

میڈیا سے منسلک سینیئر فوٹو گرافر آر ٹی چاولہ نے شاہ رخ خان کی لمبی اننگز دیکھی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان ابتدائی دور میں کسی بھی اداکارہ کے ساتھ تصویر نہیں كھنچواتے تھے۔ انھوں نے سری دیوی اور مادھوری دکشت کے ساتھ جب فلمیں کیں تب ان کے ساتھ تصویریں كھنچوائيں۔

شاہ رخ اور دیپکا

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES PR

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان نے دیپکا پاڈوکون کے ساتھ کئی فلمیں کی ہیں

’زمانہ دیوانہ‘ کے سیٹ پر اپنے ساتھ ہونے اولے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آرٹی چاولہ نے بتایا کہ روینا ٹنڈن کے ساتھ بیٹھے شاہ رخ خان نے بڑی اکڑ سے کہا تھا کہ ’جو میرے ساتھ رہے گا وہ 20 سال تک محفوظ رہے گا۔‘

فلمی دنیا میں نیا نیا قدم رکھنے والے شاہ رخ خان کی یہ بات آرٹی چاولہ کو بچگانہ لگیں لیکن ان کا خیال ہے کہ شاہ رخ خان اداکاری کے علاوہ بہت ساری خصوصیات کے مالک تھے۔

جہاں اس دور میں دوسرے سپر سٹار اداکار اپنے مداحوں اور میڈیا سے بچتے نظر آتے تھے، وہیں شاہ رخ خان بڑی محبت سے ان سے ملتے تھے۔ ان کے اس رویے نے انھیں مقبول بنایا۔

فلم ناقد اجے برہمااتمج کا یہ بھی خیال ہے کہ شاہ رخ خان کو بہترین گانے بھی ملے جس میں ان کے باہیں پھیلانے کا انداز بھی مشہور ہو گیا۔

وہ کہتے ہیں: ’سلمان خان اور عامر خان گذشتہ دس سالوں میں خود میں نیاپن لائے ہیں۔ دونوں مختلف قسم کی فلموں سے اپنی اداکاری کو نئی وسعتیں دے رہے ہیں جبکہ شاہ رخ خان مختلف فلموں کے ساتھ ساتھ اپنی رومانوی تصویر بھی قائم رکھے ہوئے ہیں پھر چاہے وہ فلم ’رئیس‘ ہو یا ’دل والے۔‘

شاہ رخ خان اور کاجول

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES PR

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ اور کاجول کی جوڑی ان کی سب سے کامیاب جوڑی کہی جاتی ہے

تاہم اب اجے کا خیال ہے کہ شاہ رخ خان کے رومانوی امیج میں اب ان کی کمی بنتی جارہی ہے کیونکہ اب شاہ رخ خان کی عمر ڈھل رہی ہے۔ وہ 52 سال کے ہو گئے ہیں اور فلموں میں محبت کا انداز اب بھی 25 سال کی عمر کا ہے۔

جہاں سلمان خان اور عامر خان کی مختلف فلمیں اچھی کمائی کر رہی ہیں وہیں شاہ رخ خان کی رومانوی امیج آنے والے دنوں میں ان کے لیے رکاوٹ بھی بن سکتی ہے۔

شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے والی زیادہ تر اداکاراؤں کا کہنا ہے کہ ’شاہ رخ خان کسی کے ساتھ بھی رومانس کر سکتے ہیں خواہ وہ بیجان شے ہی کیوں نہ ہو۔‘

رومانوی امیج کی چاہت نہ رکھنے والے شاہ رخ کا کہنا ہے: ’میں نے اپنے کریئر میں رومانوی فلموں سے زیادہ گرے کرادر نبھائے ہیں۔ چار پانچ رومانوی فلمیں کی ہیں جو سب سے زیادہ کامیاب رہیں اور اپنے آپ میں کلاسیک بن گئیں۔ وہی تصویر لوگوں کے دل و دماغ میں ہے اور وہی میری پہچان بھی بن گئی ہے۔‘