بالی وڈ: ’لگے رہو انیل کپور لگے رہو‘

چار دہائیوں سے بالی وڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے اداکار انیل کپور کو کیا کبھی ریٹائرمنٹ کا خیال ستاتا ہے؟

اپنے 40 سالہ فلمی کریئر میں انیل کپور نے 100 سے بھی زیادہ فلمیں کی ہیں جس میں میری جنگ، تیزاب، رام لکھن، مسٹر انڈیا، وراثت، پُکار، ایشور، سلم ڈاگ ملینیئر جیسی فلمیں شامل ہیں۔

بہرحال 60 سال کی عمر میں انیل کپور آج بھی نئے فنکاروں کو ٹکر دے رہے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر نے اب انھیں ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنے پرمجبور کر دیا ہے۔

فلموں میں مونچھوں کے ساتھ کیوں آئے؟

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انیل کپور نے کہا 'کبھی کبھی جب چوٹ لگتی ہے تب خیال آتا ہے۔ آخر کار یہ جسمانی کام ہی ہے۔ میں امر (لافانی) نہیں ہوں۔ مرنا تو سب کو ہے اور عمر کے ساتھ بوڑھا بھی سب کو ہونا ہے۔ جسمانی طور پر آپ ہمیشہ تندرست نہیں رہ سکتے اور یہی زندگی ہے۔'

انھوں نے مزید کہا 'جب یہ سب چیزیں ذہن میں آتی ہیں تو سوچتا ہوں کب تک؟ جب تک طاقت ہے اس وقت تک یا جب تک دماغ اور جسم میں قوت ہے اس وقت تک۔ میں اپنے آپ سے کہتا ہوں لگے رہو انیل کپور لگے رہو۔‘

انیل کپور کا کہنا ہے کہ انھوں نے بھی اپنے زمانے میں جسم کے ساتھ موٹے اور پتلے ہونے کا تجربہ کیا تھا۔ ناک اور کان میں بالیاں ڈالی تھیں لیکن اس وقت ان سب چیزوں کو وہ توجہ نہیں ملتی تھی جو آج مل رہی ہے۔

ہندی فلم انڈسٹری کے شومین کہے جانے والے اداکار راج کپور کے مداح انیل کپور ان سے متاثر ہو کر فلموں میں موچھوں کے ساتھ آئے۔

وہ کہتے ہیں 'راج صاحب مجھے بہت پسند کرتے تھے۔ میری ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ میں ان کا بہت بڑا مداح رہا ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔ مجھے لگا کہ جب وہ مونچھیں رکھ سکتے ہیں تو میں کیوں نہیں۔‘

راج کپور نے انیل کپور کے ساتھ 'پرم ویر چکر' نامی فلم بھی کرنی چاہی لیکن وہ فلم بن نہ سکی۔

اب اس کپور خاندان کی نئی نسل سونم کپور، ارجن کپور، ہرش وردھن کپور فلموں میں قدم رکھ چکی ہے۔

انیل کپور کو خوشی ہے کہ یہ سب اپنے اپنے طور پر انڈسٹری میں اپنی جگہ بنا رہے ہیں اور یہ ابھی صرف ان کا آغاز ہے۔

چھوٹے بیٹے ہرش وردھن کی فلم 'مرزيا' پر تبصرہ کرتے ہوئے انیل کپور کہتے ہیں 'مرزيا دیکھ کر لگتا ہے کہ اس میں کتنی محنت لگی ہے لیکن کئی بار آپ کا فیصلہ غلط ہو جاتا ہے جیسے میری فلم 'لمحے'، لیکن پھر بھی یہ ٹھیک ہے۔ وہ محنت کر رہا ہے۔'

انیس بزمي کی فلم 'مبارکاں' میں انیل کپور اپنے بھتیجے ارجن کپور کے ساتھ پہلی بار نظر آئیں گے۔ فلم 28 جولائی کو ریلیز ہو گی۔